حیدرآباد 10فبروری ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے قانون حق معلومات سے متعلق پانچ نئے آر ٹی آئی کمشنروں کا تقرر عمل میں لاتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ پانچ نئے آر ٹی آئی کمشنروں کے تقرر کی گورنر ڈاکٹر تمل سائی سوندرا راجن کی منظوری کے بعد آج شام ان سے متعلق جی او ایم ایس نمبر 23 جاری کیا گیا ۔ جن نئے پانچ آر ٹی آئی کمشنروں کا تقرر عمل میں لایا گیا ان میں ایڈیٹر تلگو روزنامہ ’ نمستے تلنگانہ ‘ مسٹر کے شیکھر ریڈی ، تلگو ٹی وی چیانل ’ ٹی نیوز‘ چیف ایکزیکٹیو آفیسر مسٹر نارائن ریڈی ، ڈاکٹر محمد امیر حسین ، مسٹر سید خلیل اللہ اور مسٹر جی شنکر نائیک شامل ہیں ۔ بتایا جاتا ہیکہ نئے آر ٹی آئی کمشنران کی میعاد جائزہ حاصل کرنے کی تاریخ سے تین سال یا 65 سال عمر کی تکمیل ہوگی ۔ نئے کمشنرس کا مختلف سماجی طبقہ سے تعلق ہے جن میں دو ریڈی طبقہ ، دو مسلم طبقہ اور ایک درج فہرست قبائیل طبقہ سے ہیں ۔ جبکہ فی الوقت چیف کمشنر آر ٹی آئی کے عہدہ پر فائیز مسٹر راجہ سدا رام بی سی طبقہ اور آر ٹی آر کمشنر کے عہدہ پر فائز مسٹر پربھامرلی کا او سی طبقہ سے تعلق ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نئے کمشنروں کا تقرر کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاس کا گذشتہ دن پرگتی بھون میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں انعقاد عمل میں آیا تھا ۔اجلاس میں کمیٹی کے دیگر ارکان قائد مجلس اکبر الدین اویسی ، وزیر عمارات و شوارع مسٹر وی پرشانت ریڈی اور چیف سکریٹری سومیش کمار شریک تھے ۔ بتایا جاتا ہیکہ اجلاس میں آر ٹی آئی کمشنرس کیلئے حکومت کو موصولہ درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور درخواست گذاروں کے منجملہ 5 کے ناموں کو قطعیت دیتے ہوئے فہرست کو قطعی منظوری کیلئے گورنر ڈاکٹر تمل سائی سوندرا راجن کو روانہ کی گئی اور گورنر سے منظوری کے ساتھ ہی نئے پانچ آر ٹی آئی کمشنروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ۔