حیدرآباد۔15جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں پنچایت راج انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تیز کی جاچکی ہیں اور تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام ضلع کلکٹرس کو انتخابی تیاریوں کا آغاز کرنے اور انتخابی عملہ کی فہرست کی تیاری کے اقدامات کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات میں ضلع کلکٹرس کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ وہ تمام اضلاع میں موجود مواضعات ‘ منڈلوں اور پنچایت کے علاوہ وارڈس کی تفصیلات بھی تیار کریں۔الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو ریٹرنگ آفیسرس ‘ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس‘ کے علاوہ دیگر انتخابی عملہ کے انتخاب کے عمل کو بھی مکمل کرلینے کی ہدایت دی ہے اور کہاجارہا ہے کہ ضلع کلکٹرس کی جانب سے رپورٹس کے موصول ہوتے ہی ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے اندرون 3 ماہ انتخابات کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت کے بعد ریاستی حکومت نے بھی عملی طور پر ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کی منصوبہ بندی شروع کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی تھیں اور اب تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریوں کو مکمل کرنے کی ضلع کلکٹرس کو ہدایت جاری کئے جانے کے بعد کہا جار ہاہے کہ ریاست میں کسی بھی وقت پنچایت راج اداروں کے انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جاریہ سال کی ابتداء میں یعنی فروری کے دوران انتخابی ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے جن عہدیداروں اور سرکاری ملازمین کو رجسٹرڈ کیاگیا تھا ان کی فہرست کی از سر نو جانچ کے بعد ضلع کلکٹرس کی جانب سے ریاستی الیکشن کمیشن کو تمام تفصیلات روانہ کی جائیں گی۔3
اور انتخابی عہدیداروں کو قطعیت دینے کا عمل مکمل ہوتے ہی تلنگانہ میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔3