حیدرآباد یکم /اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے ریاست میں پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اندرون 2 یوم قابو پانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور محکمہ ویجیلنس عہدیداروں کے ذریعہ دھاوے کرواکر پیاز کی بلیک مارکٹ کا مکمل تدارک کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ ریاستی وزیر مارکٹنگ مسٹر ایم وینکٹ رمنا نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ذریعہ عوام کو درپیش مسائل اور عوام میں عائد ہونے والے مالی بوجھ کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ریاستی محکمہ ویجلنس کو حرکت میں لاتے ہوئے بھاری مقدار میں پیاز کا اسٹاف کئے ہوئے گوداموں پر بڑے پیمانے پر دھاوے کئے گئے جن کی وجہ سے ریاست بھر میں پیاز کی قیمتیں قابو میں آگئیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ریاست میں پیاز کی قلت کا جائزہ لینے کیلئے وزیر مارکیٹنگ کی صدارت میں ایک اہم اجلاس کا آج انعقاد عمل میں لایا گیا ہے ۔ اس اجلاس میں عہدیداروں کے ساتھ پیاز کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی جانے والی کوششوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ اس طرح چیف منسٹر کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں اب تک 665 میٹرک ٹن پیاز کی خریدی کی گئی اور عوام کو مناسب قیمت پر فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر مارکٹنگ مسٹر وینکٹ رمنا نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ دو یوم کے دوران ریاست بھر میں پیاز کی قیمتیں معمول پر آجائیں گی ۔ کیونکہ حکومت ریاست مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں سے راست پیاز کی خریدی کرکے عوام کو عام نوعیت کی قیمت پر فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی ۔ وزیر موصوف نے ریاستی عوام سے پیاز کی قیمتوں کے تعلق سے کسی تشویش میں مبتلا نہ ہونے کی خواہش کی ۔