کے سی آر حکومت کی خاموشی پر اندر سین ریڈی کی تنقید
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : مسٹر این اندر سین ریڈی نے آج حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیا ریاست تلنگانہ میں کوئی حکومت کام کررہی ہے کیوں کہ ریاست کے کئی منڈلس بارش نہ ہونے کی وجہ خشک سالی کا شکار ہیں اور حکومت اس مسئلہ پر خاموش ہے ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے اندر سین ریڈی نے کہا کہ حالانکہ 400 منڈلس شدید خشک سالی سے متاثر ہیں اور ٹی آر ایس حکومت خاموش ہے ۔ کسانوں کے مسائل حل کرنے اور ان کی مشکلات دور کرنے کے لیے جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے بجائے حکومت دوسرے امور پر توجہ دے رہی ہے ۔ اندر سین ریڈی نے کہا کہ ریاست میں بارش کی کمی کی وجہ ہزاروں کسانوں کو شدید خشک سالی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے ریاست میں بارش اور خشک سالی کی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کئی اعتبار سے ناکام ہے بشمول ایمسیٹ ، انٹر میڈیٹ نتائج ، گمشدگی کیسیس ، انجینئرنگ فیس ، اسکول فیس ایشیو وغیرہ ۔۔
