دس سال بعد راشن کارڈس کی فراہمی، مکتھل میں 150 بستروںوالے دواخانہ کا سنگ بنیاد ، وزیر صحت کا خطاب
مکتھل /23 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی مکتھل اب طبی سہولتوں کے لحاظ سے ایک بڑا مرکز ہوگا جہاں عوام کو علاج و معالجہ کیلئے تمام تر عصری سہولتوں سے استفادہ کیلئے ایک ہی جگہ فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت و ضلع انچارج وزیر مسٹر دامودھر راج نرسمہا نے مکتھل مستقر ٹاون میں خانہ پور روڈ پر ایک سو پچاس بستروں پر مشتمل ایک عصری دواخانہ کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس تقریب کی صدارت رکن اسمبلی مکتھل مسٹر راکٹی سری ہری نے کی ۔ ریاستی وزیر صحت نے کہا کہ ایک سو پچاس بستروں پر مشتمل یہ عصری ہاسپٹل کو اندرون ایک سال اس کے تعمیر کی مکمل کوشش کی جائے گی اور تمام تر طبی سہولتوں کے ساتھ جلد از جلد اس پورے علاقہ کی عوام کیلئے اس کے آغاز کو یقینی بنایا جائے گا ۔ مکتھل میں سروے نمبر 916، 917 روڈس کے اطراف کی تقریباً دس ایکڑ اراضی پر ایک وسیع و کشادہ ہاسپٹل کے ساتھ ایک نرسنگ کالج بھی ہوگا ۔ جو حلقہ اسمبلی مکتھل کے طلبہ و طالبات کو ابتدائی طبی تعلیم کے حصول کا ایک بڑا ذریعہ بنے گا ۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر دامودھر راج نرسمہا نے ریاستی حکومت کی عوامی بھلائی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مفت بس سرویس 200 یونٹ مفت برقی فراہمی اور گیاس سبسیڈی کے بعد اب اندراماں گھر اور نئے راشن کارڈ کی فراہمی یہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے اور یہ حکومت غریب پرور حکومت ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کئی مستحقین کو دس سال کے طویل انتظار کے بعد اب نئے راشن کارڈ فراہم کئے جارہے ہیں اور اس کیلئے حکومت کے عہدیداران محلہ واری سطح پر گرام سبھائیں منعقد کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان گرام سبھاؤں سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اس سے فائدہ نہیں اٹھاسکتا تو مایوسی کی ضرورت نہیں ۔ بلکہ وہ بعد میں متعلقہ آفس سے رجوع ہوکر اپنی درخواستیں پیش کرسکتے ہیں۔ ریاستی وزیر نے اس موقع پر سرکاری دواخانہ پہونچ کر رکن اسمبلی مسٹر سری ہری کے ہمراہ ڈائلاسیس سنٹر کا بھی افتتاح انجام دیا جو اس کے مریض اب تک نارائن پیٹ رجوع ہوئے تھے ۔ اب انہیں مکتھل مستقر پر ہی یہ سہولت حاصل رہے گی ۔ مسٹر سری ہری رکن اسمبلی نے ریاستی وزیر سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نارائن پیٹ سکھتا پٹنائک نے بھی مخاطب کیا اور کہا کہ 21 سے 24 تاریخ کے گرام سبھاؤں کے بعد عوام حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کیلئے ایم پی ڈی او آفس سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ اس پروگرام میں ویدیا پریشد کمشنر ائے کمار ضلع ہیت آفیسر ڈاکٹر سوبھاگیہ لکشمی ، چیف انجینئیر دیویندر کمار ، سپرنٹنڈنگ انجینئیر سریندر ریڈی ، ای ای جئے پال ریڈی ، ڈی ای کرشنا مورتی ، آر ڈی او رام چندرنائیک ، ڈاکٹر ملیکارجن تحصیلدار مکتھل ستیش کمار ، کمشنر میونسپالٹی بھوگی سوار و دیگر کے علاوہ عوامی نمائندے اور پارٹی قائدین موجود تھے ۔