شمالی پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی میں نقص کی وجہ سے معمولی رکاوٹ پیدا ہوئی ۔ سی ایم ڈی ٹرانسکو
حیدرآباد 15 اپریل ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ نے آج وضاحت کی کہ ریاست میں کسی بھی شعبہ کیلئے برقی کٹوتی نہیں کی جا رہی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسمیشن کارپوریشن نے کہا کہ ریاست کے کچھ حصوں میں زرعی شعبہ کیلئے برقی کٹوتی ناگزیر وجوہات کی بناء پر ہوئی ہے ۔ صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسکو نے کہا کہ ذرعی شعبہ کیلئے برقی سربراہی جمعرات کو کچھ وجوہات کی بنا ء پر متاثر ہوئی تھی ۔ شمالی پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ میں کچھ نقص پیدا ہوگیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ سے کسانوں کیلئے 24 گھنٹے برقی سربراہی کو حسب معمول بحال کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ریاست میں کہیں بھی برقی سربراہی میں کوئی خلل نہیں آئیگا اور چوبیس گھنٹے برقی سربراہی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے یہ وضاحت ان اطلاعات کے درمیان کی کہ گرما میںچونکہ برقی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے اس لئے ذرعی شعبہ میں برقی کی کٹوتی کی جا رہی ہے ۔ یہ کٹوتی چھ تا دس گھنٹے ہونے کی اطلاعات تھیں۔ کچھ اضلاع میںکسانوں نے شکایت کی کہ تھری فیس برقی سربراہی روزآنہ صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک منقطع کی جا رہی ہے ۔ کسانوں میں اس کٹوتی کی وجہ سے تشویش پیدا ہوگئی تھی کیونکہ اس سے ان کی کھڑی فصلوں کو نقصان ہوسکتا تھا ۔ کچھ اضلاع میںربیع سیزن کیلئے بیج بونے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آئندہ کم از کم دس دن کسانوں کو پانی کی ضرورت ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ گھریلو صارفین ‘ زراعت یا صنعتی شعبہ کسی کیلئے بھی برقی کٹوتی نہیں کی جا رہی ہے ۔