ریاست میں کلینکس و دواخانے اندرون ہفتہ کھل جانے کا امکان

   

مختلف رہنما خطوط کی تیاری کا عمل شروع ۔ ماہرین کی کمیٹی کی سفارشات کا انتظار
حیدرآباد۔14مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں اندرون ایک ہفتہ تمام کلینکس اور دواخانوں میں کورونا وائرس کے علاوہ دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کی اجازت دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ کہا جار ہا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں اس پابندی کے خاتمہ پرغور کیا جارہاہے تاکہ کورونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن کے سبب جن مریضوں کو شدید صورتحال کا سامنا ہے اس پر قابو پایا جاسکے۔ کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت سے رہنمایانہ خطوط کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور حکام کی جانب سے سماجی فاصلہ کی برقراری اور کلنکس کو مسلسل صاف ستھرا بنائے رکھنے اقدامات کے ساتھ اجازت دی جاسکتی ہے اس کے علاوہ ڈاکٹرس اور دواخانوں کو پابند بنایا جانا چاہئے کہ وہ کورونا وائرس کی علامات کا شکار مریضوں کا علاج نہ کریں بلکہ انہیں گاندھی ہاسپٹل سے رجوع کرنے اقدامات کریں تاکہ اس مرض کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ لاک ڈاؤن کے بعد سے اب تک شہر کے علاوہ اضلاع میں سرکاری دواخانوں کے سوابہت کم دواخانوں کو اجازت تھی کہ وہ مریضوں کی تشخیص کریں اور سوپر اسپیشالیٹی اور ملٹی اسپیشالیٹی دواخانوں کو بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہی مریض کو شریک کرنے کی اجازت دی گئی لیکن عام مریضوں کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے اب محکمہ صحت کی جانب سے دواخانوں اور کلینکس کی کشادگی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی جار ہی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے ماہرین کی کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائیگی اور دواخانوں اور کلینکس میں مریضوں کی تشخیص کے متعلق رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔