ریاست میں کل 19 اضلاع میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کا افتتاح

   

57 اقسام کے ٹسٹ مفت ہونگے ، تیاریاں مکمل ، چیف منسٹر کے سی آر کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد :۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ایک اہم فیصلہ میں7 جون کو ریاست کے 19 ضلع ہیڈکوارٹرس کے سرکاری ہاسپٹلس میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کا افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محبوب نگر ، نظام آباد ، سنگاریڈی ، میدک ، جنگاؤں ، ملگ ، محبوب آباد ، بھدرا دری ، کتہ گوڑم ، جگتیال ، سدی پیٹ ، کھمم ، سرسلہ ، وقار آباد ، نرمل ، کریم نگر ، عادل آباد ، گدوال ، آصف آباد میں یہ سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں جس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت کیلئے احکام جاری کئے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کے ساتھ کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کورونا کے اثرات گھٹنے پر تفصیلات حاصل کی ۔ چیف منسٹر نے عوام کو موثر طبی سہولتیں فراہم کرنے وسیع تر اقدامات کی ہدایت دی ۔ حکومت کی تمام اسکیمات سے عوام کو پور فائدہ پہونچانے پر زور دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کو صحت مند تلنگانہ میں تبدیل کرنے حکومت سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مختلف اسکیمات روشناس کرائی گئی اس کے ثمرات عوام تک پہونچانا عہدیداروں اور سرکاری مشنری کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طبی امداد کی فراہمی میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کا اہم رول ہوتا ہے ۔ جس کی سہولت سرکاری ہاسپٹلس میں فراہم کرنے حکومت کوشش کررہی ہے ۔ یہ تاریخی فیصلہ ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ حالت میں طبی امداد دن بہ دن مہنگی ہوتی جارہی ہے ۔ غریب عوام کو علاج کرانے اپنی جمع پونجی خرچ کرنے کے ساتھ جائیدادیں تک فروخت کرنے کی نوبت آرہی ہے ۔پہلے صرف خون کے نمونوں کا ٹسٹ ہی کافی ہوتا تھا حالیہ دنوں میں ہر انسان شوگر ، بی پی کا شکار ہورہا ہے ۔ ساتھ ہی قلب ، گردے ، جگر ، کینسر ، تھارائیڈ کے علاوہ دوسرے امراض کا مسلسل ٹسٹ کرانے کی نوبت آگئی ہے ۔ کورونا بھی اس فہرست میں شامل ہوگیا جس کی تصدیق کیلئے کئی ٹسٹ لازمی ہوگئے ہیں ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس معائنہ کرکے ادویات تجویز کرتے ہیں مگر ٹسٹوں کیلئے خانگی سنٹرس میں ہزاروں روپئے خرچ کرنا پڑرہا ہے جو زائد مالی بوجھ ہے ۔ اب حکومت نے ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ضرورت پر مزید ڈائیگناسٹک سنٹرس کو توسیع دی جائے گی ۔ ان ڈائیگناسٹک سنٹرس میں 57 اقسام کے ٹسٹ کئے جائیں گے ۔ مہنگے ٹسٹ بھی مفت ہونگے ۔ ان کیلئے عصری ٹکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ اس سے گھنٹہ میں 400 تا 800 ٹسٹ رپورٹس برآمد ہونگی ۔ چند مقامات پر مرحلہ وار اساس سٹی اسکیان کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ عوام کیلئے ( 428 ) 108 کی خدمات رکھی گئی ہے ۔