خواتین، نوجوانوں ، طلبہ، کسانوں سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہوا
حیدرآباد ۔ 5۔ جون (سیاست نیوز) بی جے پی کے قائد اپوزیشن مہیشور ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے باوجود کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ صرف کانگریس کے قائدین میں تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات کے دوران ریاست میں تبدیلی لانے کا وعدہ کیا تھا جس پر بھروسہ کرتے ہوئے ریاست کی عوام نے بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کیا اور کانگریس کو اقتدار سونپا۔ ان دیڑھ سال کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام سے کئے گئے کوئی بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا جبکہ انتخابات میں کانگریس پارٹی نے سماج کے تمام طبقات کو سبز باغ دکھائے تھے۔ جب عمل آوری کرنے کا وقت آیا تو ریاست مقروض ہوجانے کا بہانہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔ کانگریس کی 6 گیارنٹیوں پر ابھی تک کوئی عمل نہیں ہوا۔ خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے مالی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا ، کالج میں زیر تعلیم لڑکیوں کیلئے اسکوٹی کا وعدہ کیا گیا ۔ غریب لڑکیوں کی شادی میں ایک تولہ سونا تحفہ میں دینے کا وعدہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف طبقات کو علحدہ علحدہ ڈکلیریشن جاری کرتے ہوئے ان سے ڈھیر سارے وعدے کئے گئے۔کانگریس حکومت کے 18 ماہ مکمل ہوچکے ہیں لیکن کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا جس سے عوام سخت ناراض ہیں ۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے بی جے پی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ریاست میں بی جے پی کی حکومت نہ ہونے کے باوجود ریاست کی ترقی کیلئے نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت بڑے پیمانہ پر اقدامات کر رہی ہے۔ سڑکوں کے جال کو توسیع دی جارہی ہے، بڑے پیمانہ پر ریلوے پراجکٹس کو ترقی دی جارہی ہے۔ کانگریس حکومت کسانوں کے صرف 65 فیصد قرض کو معاف کیا ہے، مابقی کسان قرض معاف ہونے کے منتظر ہیں۔ زرعی کسانوں کے ساتھ کئے گئے کوئی بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا۔2