ریاست میں کورونا علاج پر مرکزی ٹیم کا اظہار اطمینان

   

وزیر صحت ایٹالہ راجندر اور چیف سکریٹری سے نیتی آیوگ کے رکن کی ملاقات
حیدرآباد : تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہوم آئسولیشن کے مریضوں کو گھر پر ٹیلی میڈیسن کی فراہمی اور ان کی طبی نگہداشت کیلئے HITAM ایپ متعارف کرنے پر نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر ونود کمار پال نے حکام کی ستائش کی ۔ ڈاکٹر پال اور مرکزی وزارت صحت کی ایڈیشنل سکریٹری شریمتی آر پی آہوجا نے آج چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ کورونا سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ مرکزی ٹیم کے ارکان نے وزیر صحت ای راجندر سے ملاقات کی اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ریاست میں کورونا کیسیس پر قابو پانے کیلئے حکومت کے اقدامات کی ستائش کی ۔ ونود کمار پال نے کہا کہ HITAM ایپ کو دیگر ریاستوں میں متعارف کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹنگ میں اضافہ سے کورونا پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بہتر اور موثر تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے ہاسپٹلس میں طبی سہولتوں کے علاوہ انفیکشن پر قابو پانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور علاج کو اطمینان بخش قرار دیا۔ وزیر صحت ای راجندر نے کہا کہ حکومت مرکز کے اشتراک کے ساتھ وائرس پر قابو پانے اقدامات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں حکومت عوام کی زندگی بچانے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ مرکزی ٹیم نے ٹسٹنگ اورعلاج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی ٹیم نے چیف سکریٹری سومیش کمار ، کمشنر جی ایچ ایم سی کے علاوہ رنگا ریڈی ، میڑچل اورحیدرآباد کے کلکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر نے روزانہ 40,000 کورونا ٹسٹ کی ہدایت دی ہے۔