معائنوں میں اضافہ اور سرکاری ہاسپٹلس کی سہولتوں کو مزیدبہتر بنانے پر غور متوقع
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر نے یکم اپریل کو محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ ہنگامی ایمرجنسی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ریاست میں کورونا وائرس کے معائنوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ سرکاری دواخانوں کی حالت کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ ریاست تلنگانہ میں آج 684کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی اور شہر حیدرآباد میں 184 مریضوں کی نشاندہی کے علاوہ ریاست کے 10 اضلاع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ پر ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے رابطہ قائم کرتے ہوئے انہیں فوری اثر کے ساتھ ٹی ٹی ٹی پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ٹیسٹنگ‘ ٹریکنگ اور ٹریٹمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جن ریاستوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ان ریاستوں میں مرکزی وزارت داخلہ کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ٹیسٹنگ‘ ٹریکنگ اور ٹریٹمنٹ پر عمل کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے یکم اپریل کو منعقد ہونے والے ہیلت ایمرجنسی اجلاس کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے مزید اہم فیصلہ لیتے ہوئے حکومت اور چیف منسٹر کو واقف کروائے جانے کا امکان ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق ریاست کے ان تمام 10اضلاع میں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے خصوصی نگاہ رکھی جا رہی ہے اور یکم اپریل کو منعقد ہونے والے ہنگامی جائزہ اجلاس کے لئے تجاویز کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکے مطابق آئندہ چند یوم کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔