ریاست میں کورونا کے 4 نئے مریض ‘ جملہ تعداد 45 ہوگئی

,

   

Ferty9 Clinic

ڈاکٹر جوڑا بھی شامل ۔ محکمہ صحت کے ملازمین کو رخصت نہ دینے کا حکم ۔ ایٹالہ راجندر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد 26 مارچ ( سیاست نیوز/ پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں جمعرات کو کورونا وائرس کے نئے چار مریضوں کا پتہ چلا ہے ۔ ان مریضوں کے کورونا وائرس معائنوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور ان میں ایک ڈاکٹر جوڑا بھی شامل ہے ۔ اس طرح ریاست میں اب تک اس وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 45 تک جا پہونچی ہے ۔ اس دوران حکومت کی جانب سے وائرس پر قابو پانے کے اقدامات میں بھی شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ آج جن متاثرین کا پتہ چلا ہے ان میں ایک 49 سالہ شخص ساکن قطب اللہ پور کے علاوہ ایک 36 سالہ خاتون ڈاکٹر اور اس کا 41 سالہ شوہر جو خود بھی ایک ڈاکٹر ہے وہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چوتھے مریض کا سکندرآباد سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک میڈیکل بلیٹن میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ یہ چاروں مریض ایسے ہیں جنہوں نے کسی بیرونی ملک کا دورہ نہیں کیا ہے جبکہ دوسرے جو مصدقہ مریض بتائے گئے ہیں وہ تمام ایسے ہیں جنہوں نے بیرونی ممالک کا سفر کیا تھا یا پھر سفر سے آنے والوں سے رابطے کئے تھے ۔ حکومت کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ مقامی طور پر اس مرض کے ایک سے دوسرے کو پھیلنے کا ہنوز کوئی ثبوت نہیں ہے ۔ قطب اللہ پور کا ساکن جو مریض ہے اس نے دہلی کا سفر کیا تھا اور اب وہ مستحکم حالت میں ہے اور اسے ایک دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر جوڑے میں جو مرد ہے ان کی والدہ کا معائنہ کیا گیا جن کی رپورٹ منفی آئی ہے جبکہ ان کے والد اور بچوں کے معائنوں کی رپورٹ کا انتظار ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ایک COVID اپلیکیشن تیار کیا گیا ہے تاکہ جن لوگوں کوگھروں میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ان کی یومیہ اساس پر نگرانی کی جاسکے ۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ جو دو ڈاکٹرس متاثرہ پائے گئے ہیں وہ شہر کے ایک سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں ملازم تھے اور یہ پتہ چلا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں ملک کے کئی مقامات کا سفر کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈاکٹرس سے رابطے میں آنے والے تمام افراد کے معائنے کئے جا رہے ہیں۔ میڈیکل بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ دونوں مریض مستحکم ہیں اور انہیں دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے۔ ایٹالہ راجندر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گاندھی ہاسپٹل کو مکمل کورونا وائرس ہاسپٹل میں تبدیل کردیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو رخصت پر نہ جانے کا بھی حکم دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت صحت نے اس وائرس پر قابو پانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی ستائش کی ہے ۔