ریاست میں کورونا کے 43 نئے مریض ‘ جملہ تعداد 809 ہوگئی

,

   

جی ایچ ایم سی حدود زیادہ متاثر۔ عوام سے لاک ڈاون پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل

حیدرآباد 18 اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ خاص طور پر جی ایچ ایم سی کے حدود میں ان متاثرین کی تعداد میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ آج ہفتے کو ایک دن میں جملہ 43 کورونا مریضوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس طرح ریاست میں جملہ کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 809 تک جا پہونچی ہے ۔ ریاست میں کورونا سے صحتیابی کے بعد اب تک مختلف مراحل میں دواخانوں سے 186 مریضوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے جس کے بعد جملہ 605 مریض اب بھی مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ اب تک ریاست میں جملہ 18 افراد اس وائرس کی وجہ سے متاثر فوت ہوئے ہیں۔ تاہم آج کسی مریض کے فوت ہونے کی اطلاع نہیں ہے اس طرح گذشتہ تین دن کے دوران حالانکہ کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن کسی کے مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آج جو 43 کیس پازیٹیو پائے گئے ہیں ان میں 31 گریٹر حیدرآباد کے حدود سے آئے ہیں جبکہ گدوال ضلع سے 7 کیس پازیٹیو آئے ہیں۔ اسی طرح سرسلہ سے 2 ‘ رنگا ریڈی سے 2 اور نلگنڈہ ضلع سے ایک پازیٹیو کیس درج کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک میڈیکل بلیٹن میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ بلیٹن میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عام حالات میں بھی ماسک کا استعمال کریں۔ گھر میں تیار کردہ دوہری پرت کے ماسکس سے اس انفیکشن کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ علاوہ ازیں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ لاک ڈاون پر سختی سے عمل آوری کریں اور اپنے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دیں۔ کہا گیا ہے کہ گھروں میں رہنا ہی اس وائرس سے بچنے کا واحد موثر ذریعہ ہے ۔ علاوہ ازیں عوام سے کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے دہلی مرکز کا دورہ کیا ہے یا دورہ کرنے والے افراد سے ملاقاتیں کی ہیں تو وہ قریبی سرکاری دواخانہ سے رجوع کریں یا پھر حکام سے رابطے کریں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سوشیل ڈسٹنسنگ کے اصولوں پر بھی سختی سے عمل آوری کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ عوام کو فلو جیسی علامات پائے جانے پر یا پھر سفر کرنے پر قریبی سرکاری دواخانہ سے رابطہ کرنے کی کا بھی مشورہ دیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں اور گریٹر حیدرآباد و دوسرے مقامات پر حد درجہ احتیاط برتی جا رہی ہے ۔ اسکے علاوہ جن مقامات سے کورونا مریضوں کا پتہ چل رہا ہے ان کو ریڈ زون قرار دے کر وہاں عوام کی آمد و رفت کو مکمل روکا جا رہا ہے ۔ شہر اور متاثرہ اضلاع میں حکومت کی جانب سے ریڈ زونس کی تعداد میں مزید اضافہ کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔