حیدرآباد 30 مارچ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاست میں فی الحال کورونا وائرس کے جملہ 61 مریض زیر علاج ہیں جنہیں مختلف دواخانوں میں رکھا گیا ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار کے بموجب فی الحال ریاست میں 61 مریض زیر علاج ہیں جبکہ جملہ 14 مریضوں کو مختلف دواخانوں سے علاج اور کورونا وائرس کے معائنوں کی رپورٹ منفی آنے کے بعد ڈسچارچ کردیا گیا ہے اور گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ یہ مریض گذشتہ چند دنوں سے دواخانوں میں زیر علاج تھے اور اب علاج کے بعد ان کے دوبارہ معائنے کروائے گئے تھے جن کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست سے تعلق رکھنے والے چھ افراد اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ تمام چھ اموات ان افراد کی ہیں جنہوں نے دہلی میں منعقدہ ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کی تھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے جو مریض ہیں انہوں نے کسی نہ کسی بیرونی ملک کا دورہ کیا تھا یا پھر ہندوستان کے مختلف شہروں کا دورہ کیا تھا جہاں کورونا کی وباء نے شدت اختیار کی ہوئی ہے ۔ سرکاری حلقوں کا کہنا ہے کہ ریاست میں ابھی تک کسی کو بھی مقامی سطح پر اس وائرس کی وباء لاحق نہیں ہوئی ہے ۔ جتنے بھی متاثرین ہیں وہ کسی نہ کسی سفر سے واپس آئے ہیں۔