بجلی گرنے سے چار افراد ہلاک، خاتون پانی میں بہہ گئی، 8 اضلاع کیلئے ایلو الرٹ
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست کے کئی اضلاع میں گرج و چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔ جمعہ کو بجلی گرنے سے چار اضلاع میں تین کسان اور ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک اور حادثہ میں پانی میں بہہ جانے والی ایک کسان خاتون کی موت واقع ہوگئی۔ ضلع عادل آباد کے جیناتھ منڈل گوڈا گاؤں کے 40 سالہ کسان شیخ محسن کی شریک حیات شیخ افسانہ کے ساتھ زرعی کام کاج کیلئے بیل بنڈی پر جارہے تھے، بجلی گرنے سے محسن کی مقام حادثہ پر موقع واقع ہوگئی جبکہ ان کی شریک حیات شدید زخمی ہوگئی۔ اس حادثہ میں بنڈی کے دو بیل بھی ہلاک ہوگئے۔ ضلع آصف آباد کے وانکیڈی منڈل میں واقع کھیڈیگام کے ایک جوڑا کھیت میں کام کررہے تھے اور بارش شروع ہوجانے پر درخت کے نیچے کھڑے ہوگئے۔ درخت پر بجلی گرنے سے پدما کی موت واقع ہوگئی۔ اس کا شوہر شدید زخمی ہوگیا۔ ضلع منچریال کے کوٹا پلی منڈل میں کھیت میں کام کنے کے دوران بجلی گرنے سے 25 سالہ کسان رویندر شدید زخمی ہوگیا۔ ہاسپٹل لے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ دیا۔ ضلع ملگ منگا پیٹ منڈل میں واقع کتور گرام پنچایت کے حدود میں بومانی گوڈم کے پوون کلیان پر کھیت میں بجلی گرنے سے موقع واقع ہوگئی۔ ضلع عادل آباد کے جئے ناتھ منڈل کے بالاپور میں بولیول برج عبور کرنے کے دوران توازن کھوجانے سے بیل بنڈی پانی میں بہہ گئی اس میں سوار 4 افراد بھی بہہ گئے۔ مقامی عوام نے تینوں کو بچا لیا۔ تاہم خاتون کسان 65 اسلہ رکمنی بائی پانی میں غرقاب ہوکر فوت ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ تین دن تک بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ چند اضلاع میں گرج و چمک کے ساتھ بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ 8 اضلاع پداپلی، کریم نگر، بھوپال پلی، میڑچل، عادل آباد، بھونگیر، میدک، منچریال کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ن