ریاست میں گلابی لہر، بی آر ایس ایک درجن حلقوں پر کامیاب ہوگی

   

کے سی آر کا روڈ شو،لوک سبھا حلقہ جات میدک اور ملکاجگیری میں عوام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں گلابی لہر چل رہی ہے بی آر ایس پارٹی ایک درجن سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ بی جے پی اور کانگریس دوسرے تیسرے مقام کے لیے قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ کے سی آر نے آج لوک سبھا حلقہ جات میدک اور ملکاجگیری حلقوں میں پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی اور روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرف بی آر ایس کے لیے عوامی تائید میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ ان کی بس یاترا توقع سے زیادہ کامیاب ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں دھوکہ ہوجانے کا انہیں شدت سے احساس ہوگیا ہے ۔ کانگریس حکومت نے حیدرآباد کے برانڈ امیج کو نقصان پہونچایا ۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں برقی بحران اور پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ 250 کسان 50 سے زیادہ آٹو ڈرائیورس اور 10 سے زائد بافندے خود کشی کرچکے ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی متاثرین کے افراد خاندان سے ملاقات کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہے ۔ 6 گیارنٹی پر عمل کرنے میں کانگریس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ عوام میں حکومت کے خلاف زبردست ناراضگی اور برہمی دیکھی جارہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ کے علاوہ ملک بھر میں مذہبی اشتعال انگیزی کے ذریعہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کانگریس اور بی جے پی سے تلنگانہ کے عوام بدظن ہوگئے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی 12 سے زیادہ لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرکز میں حکومت تشکیل دینے میں اہم رول ادا کرے گی وہ بس یاترا کے ذریعہ دیکھ رہے ہیں ہر طرف گلابی لہر چل رہی ہے ۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت کو عوام یاد کررہے ہیں ۔۔ 2