حیدرآباد ۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) انڈر گریجویٹ (یوجی) کورسیس میں طلبہ کو ان کی مرضی کے مضامین کا انتخاب کرنے میں معاون بکٹ سسٹم کی منسوخی کے محض چند ہفتوں میں اس سسٹم کو پھر سے بحال کردیا گیا ہے۔ تلنگانہ کونسل فار ہائر ایجوکیشن کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک حالیہ اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم کے سکریٹری ڈاکٹر یوگیتا رانا اور کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن اے سری دیواسینا نے کہا جاتا ہیکہ بکٹ سسٹم کو برخاست کرنے سے متعلق تلنگانہ کونسل فار ہائر ایجوکیشن کے فیصلہ پر سخت اعتراض کیا اور اسے تعلیمی سال 2025-26ء کیلئے بحال کردیا۔ ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے تلنگانہ کونسل فار ہائر ایجوکیشن کے فیصلہ پر برہمی ظاہر کی اور اس یکطرفہ فیصلہ کا جواز طلب کیا۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ اس سلسلہ میں ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے تھی اور اس مسئلہ پر کمیٹی کی سفارشات طلب کرنا چاہئے تھا بجائے یکطرفہ فیصلہ کرنے کے جس سے مشکلات ہوسکتی ہیں ۔