حیدرآباد۔ریاست میں یکم جون سے راشن شاپ ڈیلرس ہڑتال کا آغاز کردیں گے اور راشن کی دکانات سے چاول سربراہی کی اسکیم کو بند کردیا جائے گا۔ تلنگانہ راشن ڈیلرس اسوسیشن نے بتایا کہ اگر حکومت ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی ہے تو یکم جون سے راشن کی دکانات نہیں کھولی جائیں گی۔ اسوسیشن ذمہ داروں نے بتایا کہ کورونا کے سبب فوت ڈیلرس کو 25لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کے علاوہ بقایا جات کی ادائیگی ‘ ڈیلرس کیلئے انشورنس پالیسی اور کمیشن میں اضافہ کا مطالبہ کیا جا رہاہے لیکن حکومت سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور نہ مطالبات پر غور کا تیقن دیا گیا ہے۔ ڈیلرس نے بتایا کہ سال گذشتہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اب بھی ڈیلرس عوام میں مفت چاول کی تقسیم کی اسکیم پر عمل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس دوران کئی راشن شاپ ڈیلرس کی موت واقع ہوئی لیکن حکومت سے ان کی مدد کیلئے کوئی اقدام نہیں کئے گئے ہیں۔ ڈیلرس نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت یکم جون سے قبل ان کے مطالبات کو قبول کرکے ان پر عمل آوری کا اعلان نہیں کرتی ہے تو ارزاں فروشی کی دکانات کھولی نہیں جائیں گی اور مکمل ہڑتال کرتے ہوئے چاول کی تقسیم روک دی جائے گی۔