ریاست میں یکم فروری سے اسکولوں کی کشادگی کا جائزہ

   

۔60 فیصد اولیائے طلبہ بچوں کو روانہ کرنے پر رضامند۔ وزیر تعلیم کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد۔ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے یکم فروری سے نویں اور دسویں جماعت کیلئے اسکولوں کی کشادگی کے فیصلہ کے بعد ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم نے ریاست میں تمام سرکاری اسکولوں میں صفائی کے بہتر انتظامات کی راست نگرانی کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ریاستی محکمہ تعلیم و صحت کی جانب سے ادارہ جات مقامی و بلدیات کو سرکاری اسکولوں کی صفائی اور انہیں سینیٹائیز کرنے کی ہدایات کے باوجود ان احکامات پرعمل آوری نہ کئے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ریاستی وزیر مسز سبیتا اندراریڈی نے ریاست میں 15 مئی سے قبل انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کو مکمل کرلئے جانے کے اشارے دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی ہدایات کے مطابق یکم فروری سے اسکولوں کی کشادگی کے انتظامات کو مکمل کیا جا رہاہے اور ساتھ ہی نصاب اور امتحانات کے انعقاد کے عمل کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں موجود سرکاری اسکولوں اور کالجس میں صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ تمام بلدیات اور ادارہ جات مقامی کو اس بات کی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان اسکولوں اور کالجس کی صفائی کو یقینی بنائیں اور تمام اسکولوں میں میڈیکل اسٹاف اور سہولتوں کا جائزہ لینے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ریاستی وزیر تعلیم نے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسکولوں کی کشادگی کے عمل کا جائزہ لیا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے 15مئی سے قبل مکمل کرلئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ایمسیٹ کے انعقاد میں ہونے والی دشواریوں کو کم کیا جائے۔ریاستی وزیر نے بتایا کہ تاحال 60 فیصد اولیائے طلبہ اور سرپرستوں نے اپنے بچوں کو اسکول اور کالج روانہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور حکومت نے یکم فروری سے اسکولوں کے آغاز کے ساتھ 4 لاکھ طلبہ کے لئے دوپہرکے کھانے کا بھی آغاز کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ریاستی وزیر نے اجلاس کے دوران بتایا کہ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں اور کالجس میں مشن بھگیرتا کے ذریعہ پینے کے صاف پانی کی سربراہی کو بھی یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے اور توقع ہے کہ یکم فروری سے تمام سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران ریاست تلنگانہ میں اسکولوں کی کشادگی کے سلسلہ میں ایک اور جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔