حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز)وزیر میڈیکل ، صحت اور خاندانی بہبود ایٹالہ راجندر نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سے ریاست میں 4 سرکاری میڈیکل کالجس قائم کئے گئے ہیں۔ وہ ریاستی اسمبلی میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ تلنگانہ کے قیام سے قبل ریاست میں صرف 5 سرکاری میڈیکل کالجس قائم تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے میڈیکل کالجس کو سدی پیٹ، محبوب نگر، نلگنڈہ ، سوریا پیٹ میں قائم کیا گیا ہے۔ ہر ایک میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی 150 نشستیں ہیں۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ تلنگانہ ریاست کیلئے نئے میڈیکل کالجس کے حصول کو یقینی بنانے پارلیمنٹ میں ریاستی ارکان پارلیمنٹ نے جدوجہد کی تھی۔ اب ریاست میں 11سرکاری میڈیکل کالجس اور 23 میڈیکل کالجس ہیں جہاں پر جملہ 4790 سیٹیں ہیں۔ ان میں 1640 نشستیں سرکاری میڈیکل کالجس کی ہیں۔ ایٹالہ راجندر نے مزید کہا کہ اب ریاست میں طبی نگہداشت کو بہتر بنانے کیلئے حکومت نے موثر اقدامات کئے ہیں۔ پروفیسرس اور اسسٹنٹ پروفیسرس کے بشمول میڈیکل کالجس میں کئی جائیدادوں پر تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔