پرگی میں 45 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم ہونے والے اے ٹی سی کا سنگ بنیاد
حیدرآباد ۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر لیبر جی ویویک نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے ریاست میں 115 اے ٹی اسی قائم کئے جارہے ہیں۔ ضلع وقارآباد کے پرگی سرکل میں 45 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم کئے جانے والے اے ٹی سی سنٹر کا آج سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی ویویک نے کہا کہ یہ اے ٹی سی سنٹرس نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت آئی ٹی آئی کو نظرانداز کردیا تھا۔ ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد تقریباً 4 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے ٹاٹا کے تعاون کے ساتھ اے ٹی سی سنٹرس قائم کررہے ہیں۔ جی ویویک نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے ریاست کو مقروض کردیا۔ ماہانہ 500 کروڑ روپئے صرف سود ادا کیا جارہا ہے۔ 10 سال کے دوران ایک بھی ڈبل بیڈروم مکان نہیں دیا گیا۔ ریاست کی مالی حالت ٹھیک نہ ہونے کے باوجود ریونت ریڈی حکومت عوام کی بہبود اور ریاست کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ بڑے پیمانے پر اندراماں مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ابھی تک ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی ایک صنعتکار ہے۔ ملک کی 14 ریاستوں میں ان کی انڈسٹریز ہیں۔ پرگی میں رام موہن ریڈی بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کررہے ہیں۔ کانگریس حکومت غریب طلبہ کی تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ کانگریس حکومت نے کئی منفرد اسکیمات کو متعارف کراتے ہوئے اس پر کامیابی سے عمل کررہی ہے۔2