ریاست میں 13 نئے نرسنگ کالجس کو منظوری

   

ہر کالج پر 50 کروڑ کے مصارف ، فی کالج میں 100 نشستوں کی سہولت
حیدرآباد :۔ تلنگانہ حکومت نے ریاست میں 13 بی ایس سی نرسنگ کالجس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ہر ایک کالج میں 100 نشستیں رہیں گی ۔ فی الحال عثمانیہ میں 60 ، گاندھی میں 50 ، ورنگل ایم جی ایم میں 80 نشستیں ، عادل آباد ریمس میں 50 پر مشتمل نرسنگ کالجس ہیں ۔ میڈیکل کالج نہ ہونے کے باوجود جگتیال میں 40 اور سرسلہ میں 100 نشستوں پر مشتمل نرسنگ کالجس قائم ہیں ۔ گورنمنٹ نرسنگ کالجس میں جملہ 380 نشستیں ہیں ۔ میڈیکل کالجس ہونے کے باوجود متصل نرسنگ کالجس نہ رہنے والے محبوب نگر ، نلگنڈہ ، سوریہ پیٹ ، سدی پیٹ ، نظام آباد میں نئے نرسنگ کالجس قائم کئے جارہے ہیں ۔ 78 خانگی نرسنگ کالجس میں 4370 نشستیں ہیں ۔ سرکاری و خانگی نرسنگ کالجس میں جملہ 4750 نشستیں ہیں ۔ گورنمنٹ کے 13 نئے نرسنگ کالجس کے قیام سے مزید 1250 نئی نشستیں دستیاب ہوں گے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متصل میڈیکل کالجس کے ساتھ تشکیل پانے والے نرسنگ کالجس پر فی کالج 50 کروڑ روپئے کے مصارف ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے سدی پیٹ میڈیکل کالج سے متصل نرسنگ کالج قائم کرنے اور 108 جائیداد مختص کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ہے ۔۔