تمام اضلاع کیلئے ہائی الرٹ ۔ تمام ہنگامی خدمات کو تیار رہنے کی ہدایات جاری
حیدرآباد 10 اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں 14 تا 17 اگسٹ موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی اور کہا جا رہا ہے کہ ان 4ایام میں تباہ کن بارشیں ہوسکتی ہیں کیونکہ محکمہ موسمیات اور ماہرین نے ان بارشوں کی پیش قیاسی میں ان کے انتہائی خطرناک ہونے کی خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ کی پیش قیاسی کے بعد محکمہ ڈزاسٹر مینجمنٹ نے بھی سنگین صورتحال کا جائزہ لینے کا آغاز کردیا ۔ اسپیشل چیف سیکریٹری ڈزاسٹر مینجمنٹ مسٹر اروند کمار نے بھی اپنے Xکھاتہ پر 14 تا 17 اگسٹ ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب بارشوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ محکمہ کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔اضلاع میں امکانی بارشوں کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے پیشگی انتباہ جاری کرکے کہا کہ ان دنوں میں تمام اضلاع میں ہائی الرٹ ہوگا حیدرآباد میں یوم آزادی کے موقع پر بارشوں سے متعلق ماہرین کا کہناہے کہ 15 اگسٹ کو میں بھی شدید بارش کا امکان ہے علاوہ ازیں خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب بارشوں کا جو سلسلہ شروع ہوگا اس دوران شہر و اضلاع میں بھی موسلادھار بارش ہوگی ۔ محکمہ موسمیات اور ماہرین کی پیش قیاسی کے بعد سرکاری محکمہ جات نے 14تا17 اگسٹ امکانی بارشوں کے سلسلہ میں تیاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ۔ کہا گیا کہ حکومت سے ان محکمہ جات کو جو بارش میں ہنگامی اقدامات کیلئے سرگرم ہوتے ہیں نشیبی علاقوں اور جن مقامات پر پانی جمع ہورہا ہے ان پر خصوصی نظررکھنے کی ہدایت دی جاچکی ہے علاوہ ازیں این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کو چوکس و مستعد رہنے کی تاکید کرکے بلدی نظم و نسق کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں بلدیہ کی ہنگامی ٹیموں اور پانی کی نکاسی کے عملہ کو تیار رہنے کی تاکید کی گئی اور کہا جارہا ہے کہ جی ایچ ایم سی سے پانی کی نکاسی کیلئے بڑی موٹروں کے استعمال کو یقینی بنایا جانے لگا ہے۔3