ریاست میں 15 جون تک مانسون پہنچنے کی توقع

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔12جون(سیاست نیوز) مانسون کی آمد میں مزید تاخیر ہوگی اور ریاست تلنگانہ میں مانسون پہنچنے کی تاریخ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے تبدیلی کرتے ہوئے جاری کی گئی پیش قیاسی کے مطابق ریاست میں اب مانسون 13جون کے بجائے 15 جون کو پہنچے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسم کے متعلق بلیٹن میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گرم ہوائوں کا سلسلہ آئندہ دو یوم تک جاری رہے گا اور مانسون کی آمد میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ریاست میں 15جون کو مانسون پہنچنے کی توقع ہے لیکن اس سے قبل طوفان ’وایو‘ کے سبب ٹھنڈی ہوائیں اور بارش کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہاہے ۔ عام طور پر ماہ جون کے اوائل میں تلنگانہ میں مانسون کی آمد ہوجاتی ہے اور جون کے دوسرے اور تیسرے ہفتہ میں ریاست کے تمام علاقو ںمیں مانسون سرگرم ہوجاتا ہے لیکن اس مرتبہ شمالی ہند کی ریاستو ںمیں جاری گرمی کی شدت اور لو کے سبب جنوبی ہند میں مانسون ابھی تک سرگرم نہیں ہوا ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ آئندہ 3یوم میں مانسون آجائے گا اور اگلے دو ہفتہ کے دوران سرگرم ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔کیرالہ میں مانسون پہنچنے کے ایک ہفتہ کے بعد ریاست تلنگانہ میں مانسون کی آمد کی توقع کی جاتی ہے اور ایساہوا کرتا تھا لیکن اس مرتبہ تاخیر کے سبب تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں کوئی نمایاں کمی ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے۔