کالجس کے پاس خصوصی مراکز، محکمہ صحت نے تازہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے
حیدرآباد۔/2 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی کا آغاز ہوجانے کے بعد محکمہ صحت نے 18 سال عمر مکمل کرنے والے طلبہ کو ویکسین دینے کیلئے سرکاری و خانگی کالجس کے پاس خصوصی مراکز قائم کرنے یا موبائیل مراکز کے ذریعہ ٹیکے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین کی جانب سے ملک میں کورونا کی تیسری لہر آنے کا انتباہ دینے کے بعد احتیاطی اقدامات کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یکم ستمبر سے ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی کا آغاز ہوگیا ہے جس سے طلبہ اور ان کے والدین و سرپرستوں میں تشویش پائی جارہی ہے جس کے پیش نظر میڈیکل، انجینئرنگ، ڈگری، پی جی کالجس کے طلبہ کو ٹیکہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق 18 سال مکمل کرنے والے 3 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ جن طلبہ نے ویکسین نہیں لیا ہے انہیں خصوصی مہم کے ذریعہ ٹیکہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یونیورسٹیز ، انجینئرنگ و میڈیکل کالجس اور دوسرے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے متعلق ہاسٹلس کے طلبہ کو ویکسین دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ 20 تا30 فیصد طلبہ رہنے والے ہاسٹلس میں ٹیکہ اندازی کی مہم چلائی جائے گی۔ کسی بھی خانگی کالج کا اگر کوئی ہاسٹل ہو تو اس کی اطلاع دینے پر بھی ان طلبہ کو ٹیکہ دیا جائے گا۔ محکمہ صحت نے تازہ احکام جاری کئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ اسکولس اور کالجس کی بسوں میں سوار ہونے والے تمام طلبہ کیلئے ماسک لگانا لازمی ہے۔ اگر گنجائش ہے تو صرف ایک نشست پر ایک ہی طالب علم کو بٹھایا جائے۔ ہاسٹلس میں ایک روم میں زیادہ طلبہ کو نہ رکھا جائے۔ طعام کے اوقات علحدہ رکھے جائیں۔ ہر دن ہاسٹل کو سنیٹائز کیا جائے۔ ہاسٹلس میں آئسولیشن کا اہتمام کیا جائے، جو طلبہ کھانسی، بخار و سردی سے متاثر ہوں انہیں فوری آئسولیشن رومس کو منتقل کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر سرکاری ہاسپٹلس کو اس کی اطلاع دی جائے۔N