ریاست میں 22 جولائی تک شدید بارش کا امکان

   

حیدرآباد میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔17جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ بھر میں 22جولائی تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرکے محکمہ موسمیات نے زرد الرٹ جاری کیا اور کہا کہ 17 تا 22 جولائی تلنگانہ کے تمام اضلاع بشمول حیدرآباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا کہ تلنگانہ کے 4 اضلاع نلگنڈہ ‘ سویہ پیٹ ‘ ناگرکرنول اور ونپرتی میں انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ گذشتہ 10یوم سے جاری خشک موسم کا خاتمہ ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ حیدرآبادو سکندرآباد و ملکا جگری ۔میڑچل ‘ رنگا ریڈی ‘ راجندر نگر میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق تلنگانہ کے آسمان پر گھنے بادل تیار ہورہے ہیں جن کے 2 یوم تک برسنے کا امکان ہے۔ موسم باراں کے دوران ناکافی بارش اور درجہ حرارت میں اضافہ کے بعد اب ماہرین کا کہناہے کہ مسلسل بارش کے ساتھ شہر و ریاست میں درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بعد ریاست کے اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی عملہ کو چوکسی اختیار کرنے ہدایت جاری کی گئی ہے اور شہر میں بلدیہ حیدرآباد نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اقدامات کیلئے ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کو مستعد رہنے کی ہدایت دی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ آئندہ 4یوم کے دوران ہونے والی بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان نہیں ہے جبکہ ان بارشوں کے دوران گھن ‘گرج اور بجلی چمکنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں علاوہ ازیں بارش کے ساتھ 30تا40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔3