ریاست میں 28 ہزار 57 ووٹرس کو پوسٹل بیالٹ کے استعمال کی اجازت

   

حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں پولنگ کے موقع پر پوسٹل بیالٹ کی سہولت سے استفادہ کیلئے جو درخواستیں ملی ہیں ان کی تنقیح کے بعد الیکشن کمیشن نے ریاست میں 28ہزار57 ووٹرس کو پوسٹل بیالٹ کے استعمال کی اجازت دی ہے جس میں 13 محکمہ جات کے عہدیدار جو کہ انتخابی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف ہیں شامل ہیں۔ریاست میں حلقہ اسمبلی سدی پیٹ سے پوسٹل بیالٹ کیلئے سب سے زیادہ درخواستیں ملی ہیں جن کی تعداد 812 ہے جن میں 757کو منظوری دی گئی ۔ بہادر پورہ سے محض 11 ملازمین نے پوسٹل بیالٹ کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔ سدی پیٹ کے بعد حلقہ بالکنڈہ ہے جہاں سے 707 ملازمین نے پوسٹل بیالٹ کیلئے درخواستیں دی ہیں ۔ ان میں 706 کو منظوری دی گئی ۔کمیشن سے 13 محکمہ جات کے سرکاری ملازمین کے علاوہ ان صحافیوںکیلئے پوسٹل بیالٹ سہولت ہے جو انتخابی ڈیوٹی پر ہونگے ۔ بتایاجاتا ہے کہ بیشتر حلقوں سے الیکشن کمیشن کو سرکاری ملازمین کی درخواستیں ملی تھیں ۔ جملہ 28 ہزار 57 افردا کو پوسٹل بیالٹ سے ووٹ کی اجازت دی گئی جنہیں جلد پوسٹل بیالٹ موصول ہوجائیں گے۔