ریاست میں 3 ماہ کے باریک چاول کی ایک ساتھ سربراہی کا آغاز

   

تکنیکی مسائل ، عوام کی طویل قطاریں، 30 جون تک چاول دیا جائے گا
حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) ریاست میں راشن شاپ سے تین ماہ جون، جولائی اور اگست کیلئے چاول کی سربراہی کا آغاز ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت نے موسم برسات کے پیش نظر تین ماہ کے چاول کا اسٹاک جاری کردیا ہے۔ جس کے بعد ریاستی حکومتوں کی جانب سے عوام کو تین ماہ کا راشن ایک ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت سے جاری جملہ 55 لاکھ راشن کارڈ ہیں۔ مرکزی حکومت کے فوڈ سکیورٹی کارڈس 32 لاکھ ہیں۔ مرکز حکومت سے دیئے جانے والے 5 کیلوچاول میں ریاستی حکومت مزید ایک کیلو کا اضافہ کرکے کارڈ ہولڈرس کو فراہم کررہی ہے۔راشن کارڈس ڈیلرس ہر ماہ ، راشن کارڈ ہولڈرس سے 2 مرتبہ فنگر پرنٹس حاصل کرتے تھے۔ تین مہینے کا اسٹاک ایک ساتھ دینے کی وجہ سے ایک راشن کارڈ ہولڈر سے 6 مرتبہ فنگر پرنٹس لئے جارہے ہیں۔ ریاست کے ہر راشن شاپ پر عوام کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ایک شخص کو تین ماہ کا چاول حاصل کرنے کیلئے 15 منٹ درکار ہورہے ہیں اور تین مرتبہ اُنگلیوں کے نشان لئے جارہے ہیں۔ سافٹ ویئر میں تکنیکی مسائل سے بھی عوام کو گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنا پڑ رہا ہے۔ تلنگانہ کے کئی مقامات پر الیکٹرانک پوائنٹ آف سیل (E-POS) آلات اور نیٹ ورک مسائل کی وجہ سے عوام اور راشن ڈیلرس کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوتی نظر آئی۔ بعض مقامات پر راشن شاپ کے ڈیلرس نے دکانات کو بند بھی کردیا۔ اس کے علاوہ چند اضلاع میں ابھی تک باریک چاول نہ پہونچنے کی وجہ سے بھی چاول کی تقسیم عمل میں نہیں آسکی۔ پہلے دن 10% سے زیادہ باریک چاول تقسیم نہیں کیا جاسکا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پہلے دن پیش آئے مسائل کا جائزہ لینے کے بعد انہیں حل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 30 جون تک تین ماہ کی باریک چاول کی سربراہی کا سلسلہ جاری رہے گا، لہذا راشن کارڈ ہولڈرس کو جلدبازی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمام راشن کارڈس کو چاول سربراہ کیا جائے گا۔2