۔91 ہزار سے زائد مکانات کا 90 فیصد سے زیادہ کام مکمل ۔ ہاوزنگ کارپوریشن کا اعلامیہ
حیدرآباد۔16 جولائی (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ریاست میں بے گھر غریب خاندانوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کے متعلق تلنگانہ اسٹیٹ ہاؤزنگ کارپوریشن نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے منظورہ جملہ 2لاکھ 80ہزار616ڈبل بیڈ روم مکانات میں 32ہزار8 مکانات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ 91ہزار306 مکانات 90 فیصد مکمل کرلئے گئے ہیں۔ کارپوریشن کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر نگرانی حکومت کے اس پراجکٹ کا مقصد تلنگانہ میں غریب عوام کو ذاتی مکان کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اس پراجکٹ کیلئے جملہ 18ہزار 520کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ اب تک اس پر 6 ہزار141کروڑ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ڈبل بیڈ روم اسکیم کے سلسلہ میں حکومت لے اقدامات کے سبب ریاست کے تمام اضلاع میں تعمیراتی پراجکٹس نظر آرہے ہیں اور ان میں کام تیزی سے جاری ہیں۔ کارپوریشن ذرائع کے مطابق 55ہزار 764 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر مختلف مراحل میں ہے ۔ کارپوریشن نے بتایا کہ جاریہ پراجکٹ کی آن لائن نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ اس کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے اور حکومت کے منصوبہ کے مطابق غریب مستحق عوام کو ذاتی مکان حاصل ہو جائیں۔ اب تک مذکورہ پراجکٹ میں کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہاؤزنگ پراجکٹ کی نگرانی کیلئے آن لائن پراجکٹ مانیٹرنگ سسٹم کے استعمال پر پراجکٹ کو HUDCO کا ایوارڈ حاصل ہوچکا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ ہاؤزنگ کارپوریشن نے بتایا کہ تلنگانہ میں غریب عوام پر ایک روپیہ کا بوجھ عائد کئے بغیر ذاتی مکان کی فراہمی کیلئے حکومت کے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کارپوریشن کی جانب سے مکمل کوشش کی جا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کنٹراکٹرس پر زور دیا جا رہاہے کہ وہ معینہ مدت میں پراجکٹ کی تکمیل کریں اورتعمیرات کے معیار میں کسی قسم کی کوئی مفاہمت کو برداشت نہ کرنے کا بھی انتباہ دیا جاچکا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں تعمیر کئے جانے والے 1لاکھ 99ہزار 835 مکانات کے ٹنڈر کی حوالگی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے اور ان مکانات کی تعمیر مختلف مراحل میں ہے ۔