ریاست میں 4 تا 6 اکتوبر شدید بارش کی پیش قیاسی

   

30 تا 40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی
حیدرآباد۔یکم۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں 4تا6 اکٹوبر کے دوران انتہائی تیز موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ گذشتہ ایام کے دوران ہونے والی شدید بارش کے طرز کی ان بارش کا سلسلہ 3 اکٹوبر کی رات دیر گئے سے شروع ہوگا جو کہ 6اکٹوبر تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع نلگنڈہ ‘ کھمم ‘ کتہ گوڑم‘ ملوگو‘ جئے شنکر بھوپل پلی ‘ سوریہ پیٹ‘ پدا پلی ‘ محبو ب آباد‘ ورنگل‘ ہنمکنڈہ ‘ جنگاؤں ‘ سدی پیٹ‘ یدادری بھونگیری ‘ رنگاریڈی ‘ حیدرآباد‘ میڑچل ۔ ملکا جگری ‘ کے علاوہ وقار آباد اور سنگاریڈی میں بارشوں کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں یکم اکٹوبر تا 3 اکٹوبر کے دوران ریاست کے مختلف مقامات پر ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں وقفہ وقفہ سے بارش کے امکانات ظاہر کئے گئے تھے لیکن ترمیم شدہ اعلامیہ میں محکمہ موسمیات نے جو تفصیلات جاری کی ہیں ریاست میں بارش کا یہ سلسلہ 3اکٹوبر کے بعد بھی جاری رہے گا اور 4تا6 اکٹوبر کے دوران انتہائی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں ہونے والی کمی کے نتیجہ میں بارش کا سلسلہ جاریہ ہفتہ کے اختتام تک جاری رہے گا۔ خانگی ماہرین موسمیات نے جو تفصیلات فراہم کی ہیں ان کے مطابق ریاست کے بعض علاقوں میں مکمل طور پر خشک موسم بھی ریکارڈ کا جائے گا جبکہ کئی اضلاع میں توقع سے زیادہ بارش کے امکانات موجود ہیں ۔ جن اضلاع میں بارش ریکارڈ کی جائے گی ان اضلاع میں بارش کے دوران 30تا40 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ گھن گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہے گا۔3