ریاست میں 42 لاکھ افراد نے ویکسین کی ایک بھی خوراک حاصل نہیں کی

   

حکومت تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تیار، بچوں کے بیڈس میں اضافہ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/24 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں کورونا کی صورتحال پوری طرح قابو میں ہے اور پازیٹیو کیسس کی شرح گھٹ کر 0.4 فیصد ہوچکی ہے۔ حکومت نے ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے ہر شخص کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق اقدامات کی تفصیلات تلنگانہ ہائی کورٹ میں پیش کی ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست میں اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کے طلبہ میں کورونا ٹسٹ میں تیزی پیدا کی گئی ہے۔3 ہزار سے زائد اقامتی اسکولوں میں کئے گئے کورونا ٹسٹ میں 195 طلبہ پازیٹیو پائے گئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 42 لاکھ افراد ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک ویکسین کی ایک بھی خوراک حاصل نہیں کی ہے۔ ریاست میں ایک کروڑ 8 لاکھ افراد نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرلی ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کے مطابق ریاست میں 60 لاکھ ویکسین کی خوراک دستیاب ہے۔ کورونا کیسس اور پازیٹیو شرح میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ سرینواس راؤ کے مطابق تیسری لہر میں بچوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات کے پیش نظر حکومت نے دواخانوں میں بچوں کے آکسیجن سے مربوط بیڈس کی تعداد میں اضافہ کے علاوہ انفرااسٹرکچر سہولتوں کو بہتر بنانے خصوصی بجٹ جاری کیا ہے۔ ریاست بھر میں 30 سرکاری اور 76 خانگی مراکز میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی سہولت حاصل ہے جبکہ 1231 مراکز میں ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ریاست بھر میں کوویڈ کے علاج کیلئے 1327 سرکاری اور خانگی دواخانوں میں 55442 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔ دواخانوں میں آئی سی یو اور آکسیجن سے مربوط بستروں کے بشمول صرف 2.6 فیصد یعنی 1527 بستروں پر کورونا کے مریض ہیں۔ ریاست میں 6 مئی سے فیور سروے کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیسری لہر میں بچوں کے متاثر ہونے سے متعلق ماہرین کی رائے کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے 6000 اضافی بستروں کا خصوصی طور پر بچوں کیلئے انتظام کیا ہے۔ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خصوصی ٹریننگ دی جارہی ہے تاکہ تیسری لہر کی صورت میں متاثرہ بچوں سے نمٹا جاسکے۔ ریاست میں 82 آکسیجن تیاری پلانٹس قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 75 کارکرد ہیں جبکہ مزید 7 جاریہ ماہ کے ختم تک کارکرد ہوجائیں گے۔ کوویڈ سے مرنے والے افراد کے خاندانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے 50 ہزار روپئے کی امداد کی اسکیم پر تلنگانہ میں موثر عمل آوری کے اقدامات کئے گئے۔ ہائی کورٹ نے ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس کی زیر قیادت ڈیویژن بنچ نے کہاکہ کورونا سے نمٹنے کیلئے صرف حکومت پر انحصار کرنے کے بجائے عوام کو چوکس رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیئے۔ کورونا معاملہ کی آئندہ سماعت 4 ہفتے بعد مقرر کی گئی ہے۔ر