ریاست میں 5766 طلبہ کا ترک تعلیم

   

اسکولس میں دوبارہ شریک کرانے کیلئے گھر گھر سروے، محکمہ تعلیم کے احکامات

حیدرآباد ۔ ریاست تلنگانہ میں 5766 طلبہ ترک تعلیم کرچکے ہیں۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے اس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں دوبارہ اسکولس میں شریک کرانے کے لئے عہدیداروں کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی ڈائرکٹر سری دیوا سیتا نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہیکہ ان طلبہ کو دوبارہ اسکولس میں شریک کرائے۔ ساتھ ہی گھر گھر سروے کرتے ہوئے 15 جون سے قبل تمام تفصیلات چائلڈ انفو پربندھ پورٹل میں اپ لوڈ کرنے 6 تا 14 سال عمر اور 15 تا 19 سال کے طلبہ کی علیحدہ علیحدہ شناخت کرتے ہوئے ویب سائٹ میں اپ لوڈ کرنے کی ہدیت دی ہے۔ 15 جون تک تمام تفصیلات ویب سائٹ میں اپ لوڈ کرکے 16 جون کو انہیں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کورونا بحران کی وجہ سے تعلیم نظام اتھل پتھل ہوگیا۔ لوگ ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل ہوگئے ہیں جس سے بچے اسکولس سے دور ہو گئے ہیں۔ ان طلبہ کی دوبارہ نشاندہی کرتے ہوئے انہیں دوبارہ اسکولس میں شریک کرانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ 6 تا 14 سال عمر کے جملہ 9113 طلبہ ترک تعلیم کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ان میں 4800 لڑکے اور 4313 لڑکیاں شامل ہیں۔ 15 تا 19 سال عمر کے درمیان کے 4276 ترک تعلیم کرنے کی اطلاعات ہیں۔ ان میں 2522 لڑکے اور 1754 لڑکیاں شامل ہیں۔ ان میں تاحال 7623 طلبہ کی نشاندہی کرتے ہوئے اسکولس میں داخلہ دلایا گیا ہے جن میں 4022 لڑکے اور 3601 لڑکیاں شامل ہیں۔ جملہ 13,389 طلبہ نے ترک تعلیم کیا تھا۔ ان میں 7623 طلبہ کو اسکولس میں شریک کرایا گیا ہے۔ مزید 5766 طلبہ کی نشادنہی کرنا باقی ہے۔ اس کے لئے تازہ سروے کیا جارہا ہے۔