ہر کالج میں 150 نشستیں ، اضلاع ہیڈکوارٹرس پر اراضیات کی نشاندہی کا عمل شروع
حیدرآباد :۔ ریاست میں 7 گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے تیاریاں زور پکڑ چکی ہیں ۔ ریاست میں 6 میڈیکل کالجس اس سے متعلق متصل نرسنگ کالجس کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ محکمہ صحت کی جانب سے تیار کر کے حکومت کو پیش کردی ہے ۔ اتوار کو پرگتی بھون میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں 7 میڈیکل کالجس قائم کرنے کو منظوری دی گئی ۔ 17 مئی کو چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست کے 6 مقامات سنگاریڈی ، جگتیال ، کتہ گوڑم ، ونپرتی ، منچریال اور محبوب آباد میں میڈیکل کالجس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ کابینہ کے اجلاس میں ناگر کرنول میں مزید ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کو منظوری دی گئی ہے ۔ نئے قائم ہونے والے میڈیکل کالجس میں ہر کالج میں نشستوں کی تعداد 150 ہوگی اس طرح 1050 نئے ایم بی بی ایس نشستیں دستیاب ہوں گے ۔ حکومت کی جانب سے 2023 کے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ان کالجس کا آغاز کرنے کی حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ ریاست میں فی الحال گورنمنٹ کے 9 میڈیکل کالجس میں 1615 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں ۔ ای ایس آئی میڈیکل کالج میں مزید 100 ہیں اس کے علاوہ بھونگیر کے ایمس میں مزید 50 نشستیں ہیں ۔ نئے کالجس کی نشستوں کو شمار کرلیں تو ریاست میں ان کی تعداد 2815 ہو جائے گی ۔ ریاست میں 23 خانگی میڈیکل کالجس ہیں ۔ جس میں 3350 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں ۔ نئے قائم ہونے والے کالجس کو شمار کرلیا جائے تو ریاست میں سرکاری و خانگی جملہ 41 کالجس ہوں گی ۔ جن میں ایم بی بی ایس نشستوں کی تعداد 6165 تک پہونچ جائے گی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل 2014 تک ریاست میں صرف 5 گورنمنٹ کالجس تھے علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد چار نئے گورنمنٹ کالجس قائم ہوئے ۔ محبوب نگر میں 150 ، سدی پیٹ میں 175 ، نلگنڈہ میں 150 اور سوریہ پیٹ میں 150 نشستوں کے ساتھ ان کالجس کا آغاز ہوا ۔ اس کے بعد مرکزی حکومت کے زیر اہتمام ای ایس آئی اور بی بی نگر ایمس میڈیکل کالجس قائم ہوئے ۔ اس کے علاوہ ریاست میں مزید 7 گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت نے اپنی تیار کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک کالج کے قیام پر 500 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے ۔ اس سے متصل قائم ہونے والے نرسنگ کالجس میں ہر کالج پر 50 کروڑ روپئے کے مصارف ہیں ۔ ہر میڈیکل کالج پر 550 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ جگتیال میں نرسنگ کالج موجود ہے ۔ نئے میڈیکل کالج قائم کرنے کے لیے کم از کم 300 بیڈس پر مشتمل ملٹی ہاسپٹل کا ہونا ضروری ہے ۔ یہ بھی دو سالہ کارکرد ہونا لازمی ہے ۔ نیشنل میڈیکل کونسل کی جانب سے دو سال سے کارکرد ہاسپٹلس کے لیے میڈیکل کالج کی منظور دیتی ہے ۔ پہلے 20 ایکڑ اراضی ہونا لازمی تھا ۔ اس قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے 5 ایکڑ اراضی کو قابل قبول قرار دیا گیا ہے ۔ نئے کالجس صرف ضلع ہیڈکوارٹر پر ہی قائم کرنا ہے ۔ اس لیے حکومت کی جانب سے حصول اراضی پر توجہ دے رہی ہے ۔ چند مقامات پر عہدیداروں نے اراضیات کی نشاندہی بھی کی ہے ۔ نئے کالجس قائم ہوجانے پر ریاست میں ہر 100 تا 150 کیلو میٹر کے درمیان ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج عوام کو دستیاب رہے گا ۔۔