ریاست میں 8670 الیکٹرانک گاڑیوں کی فروختگی،حکومت نے 32.96 کروڑ روپئے کا روڈ ٹیکس اور رجسٹریشن فیس معاف کیا

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ پر عوام الیکٹرانک گاڑیوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے بھی آلودگی پر قابو پانے کے لیے الیکٹرانک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے الیکٹرانک گاڑیوں سے متعلق ( ای وی ) پالیسی 2020-30 متعارف کی ہے جو حوصلہ افزا ثابت ہورہی ہے ۔ الیکٹرانک گاڑیوں کو رجسٹریشن فیس اور روڈ ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگ الیکٹرانک گاڑیاں خریدنے میں زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ 23 نومبر تک ریاست میں تمام اقسام کے 8670 الیکٹرانک گاڑیاں فروخت ہوئی ہیں ۔ ان میں 7 ہزار سے زائد دو پہیوں کی گاڑیاں 919 چار پہیوں کی گاڑیاں اور 57 آٹو رکشہ شامل ہیں ۔ ان گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اور روڈ ٹیکس جملہ 32,96,65,000 کروڑ روپئے حکومت نے معاف کردیا ہے ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام پر زیادہ مالی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ ان کے ماہانہ بجٹ میں 30 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگ الیکٹرانک گاڑیاں خریدنے کے طرف مائل ہورہے ہیں ۔ حکومت اور خانگی شعبوں کی جانب سے گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں چارجنگ سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں ۔۔ ن