پارلیمان کی کارروائی میں اس مسئلہ کو اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی
نئی دہلی۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے چہارشنبہ کو راجیہ سبھا کی کارروائی میں خلل پیدا کرنے پر کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حزب مخالف کی پارٹی کانگریس کرناٹک کے اپنے داخلی مسائل کو پارلیمان میں چھیڑ کر اسے اپنا کام کرنے سے روک رہی ہے۔ کرناٹک کے بحران پر کانگریس نے بی جے پی پر ریاستی حکومت میں عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام لگاکر ایوان بالا میں انتشار اور گڑبڑ پیدا کردی۔ دوپہر کے کھانے سے قبل ایوان کی کارروائی کو دوبار ملتوی کردیا گیا جس سے وقفہ سوالات اور وقفہ صفر کا وقت ضائع ہوگیا۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ الیکشن میں بھاری نقصان اٹھانے کے باوجود بھی کانگریس ایوان میں گڑبڑ پیدا کردی ہے حالانکہ بی جے پی کو عوام کا فیصلہ کن خط اعتماد حاصل ہوچکا تھا جس سے ہر شخص یہ توقع کررہا تھا کہ پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی کارروائی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گی۔ انہوں نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ اب یہ لوگ ایوان بالا میں ایک ریاست کے مسئلہ کو اٹھارہے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان کے ارکان مقننہ کو بہلاپھسلاکر اپنی پارٹی میں شامل کررہی ہے جبکہ اس کے برعکس کانگریس اس طرح کی کئی کوششیں کررہی ہے۔ ایک سال پرانی کانگریس۔جنتادل کرناٹک کی اتحادی حکومت اس کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے طوفان میں گھر کر ٹوٹنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ کرناٹک اسمبلی کے ارکان کی جملہ تعداد 225 ہے اس کی نصف تعداد 113 ارکان پر مشتمل ہوتی ہے۔