نارائن پیٹ میں انسداد منشیات کمیٹیاں تشکیل ، ایڈیشنل کلکٹر کا خطاب
نارائن پیٹ 24/جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع کے ایڈیشنل کلکٹرمسٹر اشوک کمار نے کہا کہ ضلع کے تمام جونیئر اور ڈگری کالجوں میں انسداد منشیات کمیٹیاں تشکیل دی جانی چاہئے۔ ایڈیشنل کلکٹر نے آج ضلع کلکٹریٹ کے پبلک ہال میں منشیات روک تھام سے متعلق منعقدہ میٹنگ میں یہ بات کہی۔ محکمہ زراعت کے افسران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بھنگ کی کاشت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کریں۔ ضلع میں گانجے کی کاشت اور سپلائی کے سلسلے میں ضلع کے مکتھل اور مدور پولیس اسٹیشنوں میں دو کیس درج کیے گئے ہیں۔ اس میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی نارائن پیٹ مسٹر وینکٹیشورلو نے کہا کہ سی ایم ریونت ریڈی نے ریاست میں کانگریس کی حکومت کے قیام کے بعد ریاست کو منشیات سے پاک تلنگانہ بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ریاستی سطح پر ایک انسداد منشیات یونٹ قائم کیا گیا ہے اور ریاستی سطح پر ایک ڈی آئی جی اور ضلعی سطح پر سینئر پولیس افسران کو خصوصی طور پر مقرر کیا گیا ہے۔