ریاست کی بلدیات میں75فیصدکامیابی خوش آئند: مہیش کمارگوڑ

   

نظام آباد: 14؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی صدر و رکن قانون ساز کونسل مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ریاست میں جاری عوامی حکمرانی، فلاحی اقدامات اور ترقیاتی پروگراموں کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہو رہی ہے۔ کل شام کانگریس بھون نظام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہش کمار گوڑ نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کانگریس حکومت کی کارکردگی کا آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت اور وزراء کی اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں ریاست بھر کی تقریباً 75 فیصد بلدیات کانگریس کے قبضے میں آنا خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ووٹروں کو سر جھکا کر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر اپنے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت راشٹرا سمیتی اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے کتنی ہی سازشیں کیوں نہ کی ہوں۔ عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ دونوں پارٹیاں مل کر بھی 25 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔ خاص طور پر نظام آباد کارپوریشن حدود میں مذہب کے نام پر اشتعال انگیزی کی سیاست کرنے والوں کو عوام نے سبق سکھایا اور کانگریس کو شاندار کامیابی دلائی۔مہیش کمار گوڑ نے اعتماد ظاہر کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی یہی رفتار برقرار رہے گی اور کانگریس 100 سے زائد اسمبلی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے جی ایچ ایم سی انتخابات میں بھی 75 فیصد سے زیادہ نشستوں پر پارٹی کا پرچم لہرانا ہدف ہے۔ انہوں نے واضح اکثریت فراہم کر کے ترقی کے عمل میں تعاون کرنے پر ریاست کی عوام سے اظہارِ تشکر کیا۔