ریاست کی سیاست دلتوں کے اطراف گھوم رہی ہے

   

چیف منسٹر کے سی آر کابینہ میں توسیع کی منصوبہ بندی میں مصروف
ایک دلت قائد کو ڈپٹی چیف منسٹر اور ایک دلت قائد کو وزیر بنانے کا امکان

حیدرآباد ۔ 28 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر اپنی کابینہ میں توسیع کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ایک دلت قائد کو ڈپٹی چیف منسٹر اور ایک دلت قائد کو وزیر بنانے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کرنے کے بعد ریاست کی سیاست دلتوں کی اردگرد گھوم رہی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دلتوں کی ترقی ناانصافیوں پر ایک دوسرے کو تنقید اور جوابی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے ابھی تک دلت قائدین کو کارپوریشن اور دوسرے عہدوں پر فائز کیا۔ دلت عہدیداروں کو ترقی دی جس سے ٹی آر ایس کو جو مقبولیت حاصل ہوئی ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور اپوزیشن کو دلتوں کا چمپئن بننے سے روکنے کیلئے کابینہ میں توسیع کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ایک دلت قائد کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کے ساتھ دوسرے دلت قائد کو وزارت میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ بتایا جارہا ہیکہ سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری کو دوبارہ ایم ایل سی بنانے کا تقریباً فیصلہ ہوگیا ہے۔ انہیں اقتدار و نظم و نسق کا بھرپور تجربہ ہے۔ اس سے استفادہ کرنے کی چیف منسٹر حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور دوسری جماعتوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ارکان ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔ ساتھ ہی دوسرے طبقات کے ارکان اسمبلی بھی کافی سرگرم ہوگئے ہیں جن میں ایس وینکٹ، ویریا، سی لنگیا، ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی بی سمن، بی بالراج، سابق چیف منسٹر راجیا، جی کشور، ابراہم، ایم آنند، کرانتی کرن، سائنا، مانک راؤ کے علاوہ دوسرے شامل ہیں۔ N