ریاست کی ہمہ جہتی ترقی بہتر پلاننگ سے ممکن: ونود کمار

   

منڈل سطح سے حقیقی اعداد و شمار کی ضرورت، عہدیداروں کے تربیتی پروگرام کا آغاز
حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعہ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہے۔ منڈل سطح سے ترقی کے سلسلہ میں اگر بہتر منصوبہ بندی ہو اور عہدیدار اعداد و شمار کے ساتھ سفارشات پیش کریں تو حکومت عوام کی بھلائی کیلئے اسکیمات مدون کرسکتی ہے۔ ونود کمار نے آج ڈاکٹر مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں منڈل پلاننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ اسٹاٹسٹیکل آفیسرس کے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی میں ہر کسی کو اپنا حصہ ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر عوام کی بھلائی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ ہر مسئلہ کا گہرائی سے جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی میں چیف منسٹر اعداد و شمار پر مبنی منصوبہ بندی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے بجٹ کی تیاری میں چیف منسٹر کے رول کا تذکرہ کیا اور کہا کہ عہدیداروں سے زیادہ چیف منسٹر فلاحی و ترقیاتی اسکیمات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بہتر ترقی کیلئے ضروری ہے کہ منڈل کی سطح پر موثر منصوبہ بندی کی جائے۔ اس سلسلہ میں اعداد و شمار کے عہدیدار اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے پلاننگ اور اسٹاٹسٹیکل ڈپارٹمنٹ میں بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کی ٹریننگ کی تجویز پیش کی۔ ونود کمار نے کہا کہ منڈل سطح کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ کسانوں اور عوام سے بہتر روابط کو یقینی بنائے تاکہ مقامی حالات اور ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ تحریک کی قیادت کی اور وہ ریاست کے مختلف علاقوں کی ضروریات سے بہتر طور پر واقف ہے۔ چیف منسٹر کی مساعی سے برقی اور آبپاشی کے شعبہ میں تلنگانہ نے ملک میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ جس طرح امریکہ میں برقی کٹوتی کا تصور نہیں کیا جاسکتا ، اسی طرح تلنگانہ میں بلا وقفہ برقی سربراہی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ریاست کی ترقی میں اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ کے سی آر نے پانی ، وسائل اور روزگار کے سلسلہ میں غیر معمولی قدم اٹھائے ہیں۔ ایک طرف پبلک سرویس کمیشن تو دوسری طرف محکمہ جاتی طور پر مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جارہے ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ 200 کیلو میٹر تک پانی کی سربراہی کا سسٹم مکمل ہوچکا ہے ۔ اس پروگرام میں حکومت کے مشیر جی آر ریڈی ، چنا ریڈی انسٹٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے ڈائرکٹر جنرل بی پی آچاریہ ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ہرپریت سنگھ ، اسٹاٹسٹیکل ڈائرکٹر سدرشن ریڈی اور پلاننگ ڈائرکٹر شیخ میراں موجود تھے۔