ریاست کی یونیورسٹیز میں اسٹاف کے تقررات جلد مکمل کئے جائیں

   

نئے کورسز کے آغاز کا مشورہ ، ونود کمار سے شاتاواہنا یونیورسٹی وائس چانسلر کی ملاقات
حیدرآباد: نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ یونیورسٹیز میں تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے کیلئے ٹیچنگ اسٹاف کی مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئے وائس چانسلرس کے تقرر کے بعد حکومت نے انہیں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو ترجیح دینے کی ہدایت دی ہے۔ شاتاواہنا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ملیشم نے نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ سے خیرسگالی ملاقات کی۔ انہوں نے یو جی سی ایکٹ 12 (B) کے تحت مسلمہ حیثیت حاصل کرنے کیلئے اقدامات کا مشورہ دیا ۔ ونود کمار نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے شاتاواہنا یونیورسٹی کے فارمیسی کورس کو فارمیسی کونسل آف انڈیا سے منظوری حاصل کی تھی جس کے بعد یونیورسٹی کو فارمیسی کورس کے لئے مسلمہ حیثیت حاصل ہوئی ۔ انہوں نے یونیورسٹی میں نئے کورسس متعارف کرنے کا مشورہ دیا تاکہ نوجوان نسل کو نئے مضامین اور ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ یونیورسٹی میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرتے ہوئے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام یونیورسٹیز کو ہر ممکن تعاون دیا جائے گا اور وائس چانسلر کی ذمہ داری ہے کہ وہ یونیورسٹی کے تحت تمام کالجس کے معیار تعلیم میں اضافہ پر توجہ دیں۔