گریٹر حیدرآباد انتخابات کے مختلف اُمور کا جائزہ لینے الیکشن کمشنر کا فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمشنر مسٹر پارتھاسارتھی نے ریاست تلنگانہ کی 11 مسلمہ سیاسی جماعتوں کے ہمراہ 12 نومبر کو جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اجلاس میں مجوزہ بلدی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ مسٹر پارتھا سارتھی نے جمعرات کے دن ریاستی الیکشن کمیشن کے دفتر میں مسلمہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اجلاس میں 11 مسلمہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن نے ہر مسلمہ سیاسی جماعت سے 2 نمائندوں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ اس اجلا س میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات میں استعمال کی جانے والی فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ریاستی الیکشن کمشنر نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور نمائندوں سے خواہش کی کہ اگر انہیں فہرست رائے دہندگان پر کوئی اعتراض ہے تو وہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار سے 11 نومبر تک ملاقات کرتے ہوئے داخل کریں۔ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے منعقد کئے جانے والے مسلمہ سیاسی جماعتوںکے اس اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو 15 منٹ اپنے اظہار خیال کا موقع دیا جائے گا۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس اجلاس کے دوران ریاستی الیکشن کمشنر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا جائزہ لیں گے۔