ریاست کے اقامتی اسکولوں میں معیاری ترکاری سربراہ کی جائے

   


ضلع کلکٹرس سے چیف سکریٹری کی ٹیلی کانفرنس
کسانوں کو مناسب معاوضہ کے اقدامات
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام ضلع کلکٹرس، ویلفیر سکریٹریز اور اقامتی اسکولوں کے سکریٹریز کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر یہ ٹیلی کانفرنس منعقد کی گئی تاکہ مختلف اقامتی اداروں میں معیاری ترکاری کی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ویجٹیبل مارکٹ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے بات چیت کی تھی۔ چیف سکریٹری نے سکریٹریز اور کلکٹرس کو ہدایت دی کہ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلوں کو اونٹی مامڑی ویجٹیبل مارکٹ سے ترکاری کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کیا جائے تاکہ کسانوں کو بہتر قیمت حاصل ہوسکے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ترکاری کے حصول سے نہ صرف بہتر قیمتیں ادا کی جاسکتی ہیں بلکہ اس سے ترکاری کی پیداوار کرنے والے کسانوں کا فائدہ ہوگا۔ ویلفیر سکریٹریز کو ضرورت پڑنے پر نوجوانوں کو اس کام میں شامل کرنے اور ٹرانسپورٹیشن و دیگر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی گئی۔ ضلع کلکٹر سے کہا گیا ہے کہ وہ یکم فروری سے تمام تعلیمی اداروں کے آغاز کو یقینی بنائیں۔ ضلع کلکٹرس تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے نویں جماعت سے باقاعدہ کلاسیس کے آغاز کا جائزہ لیں گے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ اسمبلی حلقہ جات سے باہر موجود رہائشی اسکولوں کو اسمبلی حلقہ جات میں منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ اسکولوں کی منتقلی کا یہ عمل مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ ٹیلی کانفرنس کے موقع پر سکریٹری بی سی ویلفیر بی وینکٹیشم، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، وی شیشادری، راہول بوجا سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ، سکریٹری قبائیلی بہبود کرسٹینا چونگٹو، شریمتی ڈی دیویا اسپیشل سکریٹری بہبود خواتین و اطفال، ڈاکٹر پراوین کمار سکریٹری سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول سوسائٹی، شفیع اللہ سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی اور ڈائرکٹر مارکٹنگ جی لکشمی بائی شریک تھے۔