ریاست کے بیشتراضلاع میں آئندہ 3 یوم بارش کی پیش قیاسی

   

کچھ اضلاع کیلئے محکمہ موسمیات کا ریڈ الرٹ ۔ شہر میں موسم خشک رہنے کا امکان
حیدرآباد 27جولائی (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع میں آئندہ 3یوم بارشوں کی پیش قیاسی کی جبکہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں آج دن کے علاوہ رات کے اوقات میں موسم خشک رہنے کی پیش قیاسی کے ساتھ کہاگیا کہ 28 جولائی دوشنبہ کو شہر کے آسمان پر سورج نمودار ہوگا اور موسم معمول کے مطابق ہونے کا امکان ہے جبکہ تلنگانہ کے کئی اضلاع بشمول راجنا سرسلہ ‘ جگتیال ‘ نظام آباد‘ آصف آباد‘ منچریال ‘ نرمل ‘ کمرم بھیم ‘ عادل آباد اور کریم نگر کے علاقوں میں آئندہ 3یوم بارش کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں موسمی تبدیلی کے اثرات نہ صرف تلنگانہ کے اضلاع پر بلکہ پڑوسی آندھراپردیش پر بھی مرتب ہونے لگے ہیں اور آندھراپردیش کے متعدد اضلاع میں بھی آئندہ 3یوم کے دوران بارش کا امکان ہے۔ انتباہ میں محکمہ موسمیات نے ضلع کمرم بھیم میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کرکے آئندہ تین یوم کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا جبکہ تلنگانہ کے مابقی اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کیاگیا ۔آندھراپردیش میں ایلورو ‘ سریکاکلم‘ وجیانگرم‘ مانیم الوری اور وشاکھا پٹنم میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ گوداوری کے بہاؤ میں تیزی کا امکان ظاہر کرکے نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔3