ریاست کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس پارٹی کے احتجاجی دھرنے

   

پٹرولیم اشیاء اور برقی شرحوں میں اضافہ کی مخالفت، حیدرآباد میں ٹینک بنڈ اور مشیرآباد میں احتجاج
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر پٹرول، ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافوں اور تلنگانہ میں برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف ریاست کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں پردیش کانگریس کی جانب سے احتجاجی دھرنے اور ریالیوں کا اہتمام کیا گیا۔ کئی اضلاع میں کانگریس کا احتجاج کشیدگی کی شکل اختیار کرگیا اور پولیس کو مداخلت کرنی پڑی۔ حیدرآباد میں ٹینک بنڈ امبیڈکر مجسمہ کے پاس ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا جس میں مہیلا کانگریس صدر سنیتا راؤ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ احتجاجی مرکزی و ریاستی حکومتوں کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں پکوان گیس کی قیمت 400 روپئے تھی جو آج بڑھ کر 1000 روپئے تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ نریندر مودی نے ہر سال 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا ہے۔ برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کی مخالفت کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ عام آدمی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ غریبوں کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے رنگاریڈی، وقارآباد، نظام آباد، کاماریڈی، راجندر نگر، حسن آباد، بھونگیر، کریم نگر، نلگنڈہ، میدک، سنگاریڈی اور دیگر اسمبلی حلقہ جات میں احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کی اطلاع ملی ہے۔ حیدرآباد کے مشیرآباد اسمبلی حلقہ میں یوتھ کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری انیل کمار یادو کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا۔ر