ریاست کے تمام اضلاع میں جاب میلے:ایس گھوش ،5 مارچ کو محبوب نگر، 6 مارچ کو کھمم میں مقرر

   

حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی محکمہ یوتھ سرویسز کے پرنسپل سکریٹری ایس گھوش نے بتایا کہ عنقریب تلنگانہ کے تمام اضلاع میں جاب میلہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ یوتھ سرویسیز، تلنگانہ اسٹیٹ ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ ادارہ اور سیٹ ون کے اشتراک سے یوتھ ہاسٹل کے احاطہ میں جاب میلہ کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایس گھوش نے کہا کہ فی الحال منعقدہ جاب میلہ میں تقریباً 60 کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے تقررات کررہے ہیں تقریباً 8 ہزار بیروزگار نوجوان اس جاب میلہ میں حصہ لے رہے ہیں۔ 5 مارچ کو محبوب نگر، 6 مارچ کو کھمم میں جاب میلے منعقد کئے جائیں گے۔ بیروزگار نوجوان لڑکے و لڑکیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے جاب میلہ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس جاب میلہ میں توقع سے زیادہ بیروزگار نوجوانوں نے شرکت کی ہے۔ انٹرویوز میں منتخب ہونے والوں کو فوری تقررات نامے حوالے کئے جائیں گے۔