ریاست کے تمام افراد خوش‘ صرف ہریش راؤ، کے ٹی آر پریشان

   

ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر اپوزیشن کو بوکھلاہٹ، جنگاؤں میں ضلع کانگریس صدر پرتاب ریڈی کا خطاب

جنگاؤں۔/7 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے جنگاؤں بس اسٹانڈ چوراستہ پر حکومت کا ایک سالہ جشن مناتے ہوئے جلسہ منعقد کیا گیا ۔ جنگاؤں ضلع کانگریس کمیٹی صدر و سابق رکن اسمبلی کے پرتاپ ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل دے کر ایک سال مکمل ہورہا ہے، کانگریس پارٹی نے انتخابات کے وقت جو وعدے کئے تھے اسے ایک کے بعد ایک پورا کررہی ہے۔ خواتین کیلئے تلنگانہ بھر میں مفت آر ٹی سی بس میں سفر کرنے کی سہولت دی گئی اور کسانوں کو قرضہ جات 2 لاکھ روپئے تک معاف کئے گئے۔ 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے اور 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر دیا جارہا ہے۔ آج تلنگانہ کے تمام لوگ خوش ہیں صرف بی آر ایس پارٹی کے قائدین ہریش راؤ اور کے ٹی آر پریشان ہیں اس لئے کہ وہ 10 سال اقتدار میں تھے آج بھی وہی گھمنڈ میں ہیں ، عوام نے ان کی پارٹی کو ہٹا کر کانگریس کا ساتھ دیا۔ کئی بے روزگار نوجوانوں کو کانگریس حکومت میں روزگار دیا گیا۔ جنگاؤں اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے ریاستی چیف منسٹر کی جانب سے فنڈز الاٹ کئے گئے ، کئی ایک ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ آنے والے گرام پنچایت انتخابات میں کانگریس امیدوار ہر جگہ کامیاب ہوں گے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی جنرل سکریٹری و انچارج کوآرڈینیٹر سرینواس نے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر اے ریونت ریڈی تلنگانہ کی خوشحال اور ترقی کیلئے رات دن کام کررہے ہیں ، اپوزیشن قائدین یہ دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ تلنگانہ کے ہر طبقہ کے لوگ کانگریس حکومت سے خوش ہیں۔ اس موقع پر جنگاؤں ضلع لائبریری چیرمین رام بابو، مارکٹ کمیٹی چیرمین جنگاؤں شیوا راج یادو، سرینواس ریڈی، ڈاکٹر لکشمی نارائنا نائیک ، ڈاکٹر راجا مولی، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نائب صدر اقلیتی سل تلنگانہ ، اندرا اور دیگر نے مخاطب کیا۔ اس پروگرام میں کانگریس پارٹی کے قائدین اور ورکرس نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ سرکل انسپکٹر پولیس جنگاؤں دامودر ریڈی نے چوراستہ پر پولیس کا بندوبست کیا۔