سال رواں احتیاطی اقدامات کے طور پر متعدد مرتبہ فاضل پانی کا اخراج
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا اور کرناٹک میں جاری تیز بارش کے سلسلہ کی وجہ سے ایک طرف دریائے گوداوری میں پانی کا غیر معمولی بہاؤ رہنے کی وجہ سے دریائے گوداوری پر پائے جانے والے سری رام ساگر پراجکٹ کی سطح آب مکمل ہوجانے کے باعث گیٹس کھول کر فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے۔ دوسری طرف دریائے کرشنا میں بھی پانی کے تیز بہاؤ کے نتیجہ میں دریائے کرشنا پر پائے جانے والے سری سیلم پراجکٹ اور ناگرجنا ساگر پراجکٹ پانی کی سطح سے لبریز ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں دریائے کرشنا پر ہی پائے جانے والے جورالا پراجکٹ کی سطح آب بھی مکمل ہوجانے کی وجہ سے گیٹس کھول کر جورالا پراجکٹ سے 1,313,292 لاکھ کیوزکس فاضل پانی خارج کیا جارہا ہے جبکہ ناگرجنا ساگر پراجکٹ کی سطح آب بھی مکمل ہوجانے کی وجہ سے دوبارہ چند گیٹس کھول کر فاضل پانی کا دریائے کرشنا میں نچلی سطح پر اخراج عمل میں لایا جارہا ہے۔ پراجکٹ عہدیداروں کے ذرائع نے مزید بتایا کہ دریائے گوداوری پر پائے جانے والے سری رام ساگر پراجکٹ کی سطح جاریہ ماہ کے دوران ہی متعدد مرتبہ مکمل ہوچکی تھی اور عہدیداروں نے احتیاطی تدابیر کے تحت فاضل پانی کا اخراج عمل میں لانے کیلئے سری رام ساگر پراجکٹ کے گیٹس بھی کھول دیئے۔ سری رام ساگر پراجکٹ کے ذریعہ خارج کئے جانے والے فاضل پانی کے دریائے گوداوری میں بہاؤ کو دیکھتے ہوئے گوداوری ندی سے متصل دیہی علاقوں کے عوام میں زبردست مسرت کا اظہار پایا جارہا ہے۔ اسی دوران سری سیلم پراجکٹ کے عہدیداروں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دریائے کرشنا کے اوپری حصہ سے سری سیلم پراجکٹ میں پانی کا تیز بہاؤ پایا جارہا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ فی الوقت سری سیلم پراجکٹ میں اِنفلو ( پانی کی آمد ) 2.14 لاکھ کیوزکس پایا جاتا ہے اور اس اِنفلو ( پانی کی آمد ) کو دیکھتے ہوئے سری سیلم پراجکٹ عہدیداروں نے پھر ایک بار پانچ گیٹس کھول کر دریائے کرشنا میں نچلی سطح پر فاضل پانی کو چھوڑ دیا ہے۔ اس طرح 1.39 لاکھ کیوزکس پانی ناگرجنا ساگر پراجکٹ کیلئے چھوڑا جارہا ہے۔ ان عہدیداروں کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ پراجکٹ کی دائیں اور بائیں نہروں کے پانی سے برقی پیداوار جاری ہے۔ سری سیلم پراجکٹ کی موجودہ سطح آب 884.80 فیٹ بتائی جاتی ہے اور پانی کی مقدار 214.36 ٹی ایم سی پائی جاتی ہے۔