ریاست کے تمام بلدیات میں ویج اور نان ویج مارکٹس کی تعمیر

   


توپران میں منعقدہ اجلاس سے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب
میدک۔/2 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر فینانس و صحت مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام بلدیات میں 500 کروڑ کی لاگت سے ویج اور نان ویج مارکٹس کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے ضلع میدک کے توپران ٹاون میں 11 کروڑ کی لاگت سے تعمیر شدہ ویج اور نان ویج مارکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ ایک اجلاس میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ توپران میں عنقریب ایک سوپر مارکٹ بھی قائم کی جائے گی اور ویج مارکٹ میں کولڈ اسٹوریج کی سہولت بھی رکھی جائے گی۔ یہاں سی سی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ اس طرح انہوں نے توپران ٹاؤن میں 28 کروڑ 50 لاکھ کے مصارف سے تعمیر کردہ 382 ڈبل بیڈس مکانات بھی مستحقین میں تقسیم کئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ڈبل بیڈ رومس مکانات کے احاطہ میں ایک بستی دواخانہ، آنگن واڑی اسکول، راشن شاپ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ قبل ازیں ٹی ہریش راؤ نے منوہرآباد منڈل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 2 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ پرائمری ہیلت سنٹر اور 50 لاکھ کی مالیت سے تعمیر کردہ گرام پنچایت عمارت کا افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں ایس سی کمیونٹی ہال کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور20 لاکھ کی لاگت سے تنصیب کردہ سنٹرل لائٹنگ کا افتتاح کیا اور مستحقین میں جدید آسرا وظائف بھی تقسیم کئے۔ ان پروگرامس میں رکن پارلیمان میدک مسٹر کے پربھاکر ریڈی، صدرنشین ضلع پریشد ہیما لتا گوڑ، ضلع کلکٹر میدک ایس ہریش، ایڈیشنل کلکٹرس رمیش، پریتما سنگھ، ٹی آر ایس قائدین وی پرتاپ ریڈی، الیکشن ریڈی، ایم ایل سی یادو ریڈی، گجویل اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی چیرمین متیم ریڈی، صدرنشین ڈسٹرکٹ لائبریریز چندرا گوڑ، صدرنشین بلدیہ توپران کے علاوہ دیگر سیاسی و سرکاری عہدیداروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔