چیف منسٹر اور اسپیکرکے بعد کونسل صدرنشین کا عہدہ کسانوں کیلئے، نو منتخب صدرنشین کی خدمات کا تذکرہ
حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست میں تین اہم دستوری عہدوں پر کسان کے بیٹے فائز ہیں۔ قانون ساز کونسل میں نومنتخب صدرنشین سکھیندر ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور کونسل کے صدرنشین سکھیندر ریڈی تینوں کسان کے بیٹے ہیں۔ حکومت نے کسانوں کو اہم عہدوں پر فائز کرتے ہوئے زراعت اور کسانوں سے اپنی دلچسپی کا ثبوت دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستوری عہدوں پر کسانوں کا فائز ہونا تلنگانہ ریاست کے لئے باعث فخر ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے ریاست کے کسانوں کی جانب سے سکھیندر ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھیندر ریڈی نے وارڈ ممبر سے کونسل کے صدرنشین تک ترقی کی ہے۔ پارلیمنٹ کے لئے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے تین مرتبہ منتخب ہوئے ۔ 1996 ء میں تلگو دیشم حکومت میں کے سی آر کے ساتھ وزارت میں شامل رہے۔ سکھیندر ریڈی نے کے سی آر کے ساتھ مل کر عادل آباد کے نرمل اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں انتخابی مہم چلائی تھی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سری رام ساگر پراجکٹ کی تکمیل میں کے سی آر اور سکھیندر ریڈی نے اہم رول ادا کیا۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل اور کسانوں کی بھلائی کیلئے سکھیندر ریڈی نے ہمیشہ فکر کی جس کے نتیجہ میں وہ تلنگانہ تحریک سے وابستہ ہوئے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ 2008 ء میں ٹی آر ایس کے 16 ارکان اسمبلی کے استعفیٰ کے بعد کے سی آر نے انہیں آلیر اسمبلی حلقہ کی ذمہ داری دی تھی۔ ٹی آر ایس امیدوار نگیش کی کامیابی کیلئے میں نے سکھیندر ریڈی سے ملاقات کی اور انہوں نے ٹی آر ایس امیدوار کی اخلاقی مدد کا اعلان کیا ۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد نلگنڈہ میں فلوریسس مسئلہ کے حل میں سکھیندر ریڈی کی خدمات کو یاد دلایا۔ر