ریاست کے حالات انتہائی سنگین، ایک طرف وباء کا قہر، حکومت کی لاپرواہی

   

این ایس یو آئی کا ایک روزہ احتجاجی پروگرام، کانگریس سینئر قائدین طاہر بن حمدان، مہیش گوڑ کا خطاب

نظام آباد :11؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) این ایس یو آئی کا احتجاجی ایک روزہ بھوک ہڑتال ضلع این ایس یو آئی صدر وینو راجو کی صدارت میں ضلع کانگریس آفس میں منعقد ہوا جس میں سینئر کانگریس قائد اربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان ، پی سی سی جنرل سکریٹری مہیش کمار گوڑ ، اربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان نے کہا کہ ریاست کے حالات انتہائی سنگین ہے ایک طرف کرونا کا قہر ہے تو دوسری طرف حکومت کی لاپرواہی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ اور عوام کی باز آبادکاری میں حکومت ناکام ہوچکی ہے مسٹر طاہر بن حمدان نے کہا کہ کرونا کے موقع پر مرکزی اور ریاستی حکومت نے عوام فلاح بہبودی کو نظر انداز کرتے ہوئے ریاستی حکومت زبردستی برقی بل وصول کررہی ہے تومرکزی حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کو معاشی طور پر بوجھ عائد کررہی ہے مسٹر طاہر بن حمدان نے برقی بلوں کی وصولی کو بند کرنے اور اضافہ شدہ بلوں سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔ پی سی سی سکریٹری مسٹر مہیش کمار گوڑ نے اپنی تقریر میں کہا کہ سینکڑوں طلبہ کی قربانیوں کے نتیجہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ اقتدار میں آنے کے بعد کے سی آر طلباء کے ساتھ نا انصافی کررہے ہیں متحدہ آندھرا پردیش میں چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے ڈی ایس سی کے ذریعہ سینکڑوں افراد کو ملازمت فراہم کیا تو تلنگانہ میں ایک بھی ملازمت فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی ملازمتوں کی بھرتی کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ 6 سال سے ڈی ایس سی کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ مسٹر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ ادھورا ہے اور عوام کو برقی بلوں کا بوجھ عائد کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر ٹائون کانگریس صدر مسٹر کیشو وینو نے کہا کہ طلباء کا خواب ادھورا ہوگیا ۔ طلباء نے جس تلنگانہ کی تعمیر کی تھی ان کی تعبیر ادھوری رہ گئی ہے اور مزید ایک مرتبہ تلنگانہ کیلئے جدوجہد ناگزیر سمجھا جارہا ہے ۔ اس موقع پر ضلع این ایس یو آئی صدر راجو نے کہا کہ علیحدہ رایست تلنگانہ کیلئے سینکڑوں طلباء نے اپنی جان کی قربانی دی تھی اور کے سی آر نے طلباء کیلئے کئی ایک اعلانات اور بے روزگاروں کیلئے ملازمت کا اعلان کیا تھا لیکن ان سب کو فراموش کردیا گیا ۔ انہوں نے فوری ملازمتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر این ایس یو آئی کے طلباء کے علاوہ سینئر قائد محمد ضیاء احمد ، اعجاز ، معید ، وسیم خان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔